آنیوالی نسلوں کے خوشحال مستقبل کیلئے قومی وسائل کو ترقی دے رہے ہیں،حمزہ شہباز شریف ، دیامیر اور دوسرے ڈیمز سے 21 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی،50 ارب روپے سے بیراجز کی ری ماڈلنگ کر رہے ہیں، مستقبل میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر منصوبے شروع کر رہے ہیں،نیشنل گرڈ میں بجلی کی پیداوار میں مسلسل اضافے کے منصوبے زیر تکمیل ہیں،اسلام آباد ،مری اور مظفر آباد ٹرین سروس کے منصوبے کے اجراء پر غور کر رہے ہیں،جہلم واٹر سپلائی سکیم سے 2.7 ملین گیلن پانی حاصل ہو گا ،ممبر قومی اسمبلی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 4 اپریل 2014 19:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کے خوشحال مستقبل کے لئے قومی وسائل کو ترقی دے رہے ہیں۔ دیامیر اور دوسرے ڈیمز سے 21 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی،50 ارب روپے سے بیراجز کی ری ماڈلنگ کر رہے ہیں، مستقبل میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر منصوبے شروع کر رہے ہیں،نیشنل گرڈ میں بجلی کی پیداوار میں مسلسل اضافے کے منصوبے زیر تکمیل ہیں، مری میں سیاحتی سہولیات میں اضافے سے مقامی لوگوں کو معاشی خوشحالی حاصل ہوگی، مری میں پارکنگ پلازوں، جنگلات کے تحفظ ، واٹر سپلائی سکیموں کے منصوبے زیر تکمیل ہیں، وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق اسلام آباد مری اور مظفر آباد ٹرین سروس کے منصوبے کے اجراء پر غور کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جہلم واٹر سپلائی سکیم سے 2.7 ملین گیلن پانی حاصل ہو گا ، مری میں مزید کیبل کار نصب کرنے اور تھری ڈی سیمنا کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ریسورس سینٹر مری میں رین واٹر ہارویسٹنگ پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پروفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، ڈپٹی چیئرمین ایرا میجرجنرل عظیم آصف ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن زاہد سعید ،ڈی جی واٹسن ظہیر حسین گردیزی، کورآرڈینیٹر وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل حافظ عثمان، راجہ عتیق سروراور مقامی انتظامیہ کے افسران بھی موجودتھے ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پانی کی ایک ایک بوند کو بہتر ین منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے استعمال میں لایا جا رہا ہے اورایرا کے توسط سے آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں 4400 رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم گھروں کی چھتوں پر نصب کئے جا چکے ہیں جن سے 20 یونین کونسلوں کے 3 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہو رہی ہے۔ ۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مری میں تیس عمارتوں پر ڈیمو سسٹم لگایا جا ئے گااور اس پروگرام صوبہ پنجاب تک وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت قومی ترقی کے دورس نتائج کے حامل پروگراموں پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں ایرا کی طرف سے بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور اسے گھریلو و تجارتی استعمال میں لانے کے لئے مفید اور کارآمد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مر ی میں موسم گرما کے دوران پینے کی قلت دور کرنے کے لئے یہ منصوبے کم لاگت اور باآسانی پانی کی روزمرہ ضروریات پورا کریں گے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ ایرا کا رین واٹر ہارویسٹنگ پروگرام نہ صرف ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں معاون ہے بلکہ ملینیم ڈویلپمنٹ مقاصد کے حصول میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگا جس کے تحت ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی اور اس میں عام شہری سے لے کر پالیسی ساز حکام کی آگاہی کی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں کے لئے ایرا کی تکنیکی معاونت حاصل کی جا رہی ہے اور ان کے انہتائی کامیاب نتائج ظاہر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہ پانی کے وسائل کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے جدید طریقوں اور اقدامات سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے جسے سے ان علاقوں کو مستفید کیا جائے گا جہاں اس وقت پانی کی قلت کا مسائل کا سامنا ہے۔ رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ آزادکشمیر اور خیبر پختونخواہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے رین واٹر ہارویسنگ پراجکٹس سے فائدہ اٹھا جا رہا ہے اور ان علاقوں کی بحالی پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آبادی میں اضافے سے پانی کے استعمال میں بھی اضافہ ہوااور رین واٹر ہارویسٹنگ کے پروگراموں سے واٹر سپلائی سکیموں پر بھی دباو کم ہوگا۔ ڈپٹی چیئرمین ایرا میجرجنرل عظیم آصف نے کہاکہ ایریا کو نہ صرف قدرتی آفات کے بعد تعمیر نو کے کام کا تجربہ حاصل ہے بلکہ ان سالوں میں ایرا نے عالمی برادری کے تعاون سے رین واٹر ہارویسٹنگ جیسے نئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ 6 لاکھ زلزلہ پروف گھروں کی تعمیر 9000 سے زائد انفراسٹکچرکے منصوبہ جات جن میں سڑکیں ، سکول ، ہسپتال شامل ہیں کامیابی کے ساتھ مکمل کئے ہیں جبکہ4000 منصوبہ جات زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ترقی پر منبی پالیسیوں کی بدولت ہمیں امید ہے کہ ایرا مستقبل میں بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہے گا۔ قبل ازیں ظہیر حسین گردیزی نے پروگرام کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یہ پروگرام عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہے اوراس سے عوامی کو اپنے گھروں میں بارش کی صورت میں حاصل ہونے والے پانی کے حصول میں مدد ملے گی ۔