لاہور ہائیکورٹ ،اعلی عدلیہ کے ججوں کی تعیناتی کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے دائرہ اختیار کو محدود کرنے کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور

جمعرات 3 اپریل 2014 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے اعلی عدلیہ کے ججوں کی تعیناتی کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے دائرہ اختیار کو محدود کرنے کیلئے دائر درخواست کوباضابطہ سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپناا کہ پارلیمانی کمیٹی نے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے اعلی عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کے لئے جوڈیشل کمیشن کی جانب سے فائنل کئے گئے بعض ناموں پر اعتراض عائد کیااور یہ اس کا آئینی اختیار نہیں ۔

پارلیمانی کمیٹی جوڈیشل کمیشن کے ناموں کو منظور کرنے کی پابند ہے۔وفاقی حکومت کی طرف سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ 19ویں آئینی ترمیم کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے اختیارات میں اضافہ ہو چکا ہے اب پارلیمانی کمیٹی جوڈیشل کمیشن کے ناموں پر اعتراض عائد کرنے کا اختیار رکھتی ہے تاہم جوڈیشل کمیشن کو نظر ثانی میں ان اعتراضات کو رد کرنے کا مکمل اختیار ہے۔کیس کی مزید سماعت 18اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کرلیا گیا ۔