پہلا سیمی فائنل، سری لنکا نے ڈک ورتھ لوئس کے تحت ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

جمعرات 3 اپریل 2014 22:25

پہلا سیمی فائنل، سری لنکا نے ڈک ورتھ لوئس کے تحت ویسٹ انڈیز کو شکست ..

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ویسٹ انڈیز کو 27 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ میرپورکے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے جواب میں ویسٹ انڈیزنے 13.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے کہ اس موقع پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوگئی جس کے باعث میچ روکنا پڑا،طویل تاخیر کی صورت میں میچ ریفری نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت سری لنکا کو 27 رنز سے کامیاب قرار دیدیا۔

سری لنکا کے 160 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز مایوس کن رہا اور جارحانہ انداز میں بلے بازی کرنے والے بیٹسمین کرس گیل 13 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا کر ملنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اسی طرح 28 کے مجموعہ پر ڈیوائن اسمتھ بھی 17 رنز کے ساتھ ملنگا کا شکار بننے کے بعد میدان بدر ہوگئے، آل راؤنڈر ڈیوائن براؤ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 30 رنز بنائے، جب ٹیم کا مجموعی اسکور 80 رنز پر پہنچا کو موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوگئی جس کے باعث میچ روکنا پڑا، اس موقع پر مارلن سیمیوئلز 18 اور کپتان سیمی صفر رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 2 اور نوائن کلسیکارا اور سیکیوج پرسانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پہلےبلے بازی کرتے ہوئےسری لنکا کے اوپننگ بلے باز کشال پریرا اور تلکارتنے دلشان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 41 رنز جوڑے اور پریرا 26 رنز بنا کر کرشمار سنتوکی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز مہیلا جے وردھنے اسکور میں اضافہ کئے بغیر پویلین لوٹ گئے، وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکار بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکے اور ایک رنز بنا کر سیموئل بدری کا شکار بن گئے، تھراما 44 اور انجیلیو میتھیوز 40 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرشمار سنتوکی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :