حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے،ریاض حسین پیرزادہ ، وزیراعظم نیشنل ہیروز اور کھلاڑیوں کی بڑی عزت کرتے ہیں ،وفاقی وزیر کی لٹل ماسٹر حنیف محمد کو امدادی چیک دینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 3 اپریل 2014 21:23

حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے،ریاض حسین پیرزادہ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھیلوں کے مقابلے کے لئے انٹر اسکول کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائیں۔۔وہ جمعرات کو سابق ٹیسٹ کرکٹرلٹل ماسٹر حنیف محمد کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے 50 لاکھ روپے کا امدادی چیک پہنچانے کے بعدصحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پرسابق ٹیسٹ کرکٹر اور حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ کے ارکان بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نیشنل ہیروز اور کھلاڑیوں کی بڑی عزت کرتے ہیں اور ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حنیف محمد پاکستان کے ہیروز میں شمار ہوتے ہیں، ان کی کرکٹ کے لئے بڑی خدمات رہی ہیں جن کے لئے انہیں ”لٹل ماسٹر“ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے، وزیراعظم نے جب حنیف محمد کی علالت کی خبر سنی تو فوری طور پر مجھے ہدایت کی کہ میں حنیف محمد کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کی خیریت دریافت کروں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں حنیف محمد کے نام سے ایک کرکٹ اکیڈمی بنائی جائے گی جس کے لئے جگہ کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں جلد پاکستان کرکٹ بورڈ سے مشاروت کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد نے وزیراعظم محمد نواز شریف کا امدادی چیک دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی کھلاڑیوں سے محبت اور لگاؤ قابل ستائش ہے۔

متعلقہ عنوان :