پاک فضائیہ اپنی مادرِ وطن کی فضائی حدود کی محافظ ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، ہمہ وقت ہر قسم کے حالات میں چوکس رہنے کی ضرورت ہے،تقریب سے خطاب

جمعرات 3 اپریل 2014 21:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) مادرِ وطن کی فضائی حدود کی نگہبان ہونے کی وجہ سے پاک فضائیہ کو اپنے جنگی طیاروں اور دفاعی سازوسامان کو ہمہ وقت بہترین حالت میں رکھنے کیساتھ ساتھ اسے ہر قسم کے حالات میں چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔یہ بات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور میں131ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،76ویں انجینئرنگ ، 90 ویں ائیر ڈیفنس کورسز کی گریجویشن اور 134ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،80ویں انجینئرنگ ، 02 نیوی گیشناور15ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورسزکی کمیشننگ کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی ۔

جنرل راشد محمود چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہو ئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ مسلح افواج کے لئے ایک غیر متزلزل ہمت اور تن دہی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاکہ ملکی دفا ع کو یقینی بنایا جا کے۔

پاک فضائیہ کا حصہ ہوتے ہوئے آپ کو چاہیے کہ آپ دنیا میں ہونے والی ترقی کے ساتھ قدم ملا کر چلیں اور اپنے متعلقہ شعبوں میں بہتری کے لئے کام کریں ۔ آپ سے امید کی جاتی ہے کہ آپ پاک فضائیہ کی ترقی میں جاں فشانی سے کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا۔ کہ علاقائی حالات نے ملک کے لئے مختلف قسم کے سیکیورٹی خدشات پیدا کر دیئے ہیں۔ ان اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی خدشات کا سامنا کرنے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ عزمِ مصمم اور جزبے سے کام کرتی رہیں گی۔

اس تقریب میں کل85زیرتربیت آفیسرز اور 17ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے جبکہ113کیڈٹس نے اس موقع پر پاک فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا۔مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران اور ایوی ایشن کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور پوزیشن ہولڈرز کوٹرافیز دیں۔ مہمان خصوصی نے نمبر1 سکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپئن سکواڈرن بننے پر قائد اعظم عَلم عطا کیا ۔ فلائنگ ٹریننگ او را نجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی پائلٹ آفیسرعلی حنین اور پائلٹ آفیسرحافظ محمد عمرنے حا صل کی۔

کالج آف فلائینگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیرپائلٹ آفیسرعزیر عزیز خان جبکہ کالج آف ایرو ناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیرپائلٹ آفیسرحافظ محمد عمر نے حاصل کی ۔ 90 ویں ائیر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ زید بن عمر کودی گئی۔ تقریب میں حسب روایت پی اے ایف اکیڈمی کے K-8طیاروں کی" شیر دل فارمیشن" اور پیرا موٹر گلائیڈرز کی فارمیشن دی ایگلٹس نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا ۔

قبل ازیں مہمان خصوصی کی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور ا ئیر وائس مارشل راشد کمال ، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور نے ان کا خیر مقد م کیا۔ اس تقریب میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام ، غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ /کمیشن ہو نے والے کیڈٹس /زیر تربیت افسران کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔