حفیظ نے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز سے شکست کی ذمہ داری قبول کرلی ،قیادت سے مستعفی ‘ معین کا کنٹریکٹ بھی ختم، ایک روزہ اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کی حیثیت سے بھی دستبردار ی کا اعلان ،رضا کارانہ استعفیٰ دیا،بحیثیت کھلاڑی کسی کی بھی کپتانی میں کھیلنے کیلئے تیار ہوں ،بورڈ نے فیصلہ کرنا ہے کہ کسے کپتان بنانا ہے ‘حفیظ کی میڈیا سے گفتگو،بورڈ سے د و ٹورنامنٹس کا کنٹریکٹ تھا جو ختم ہو گیا،بورڈ کی صوابدید ہے مجھے رکھے یا نہ رکھے‘ معین خان،حفیظ کا فیصلہ لائق تحسین ہے ،پوری ٹیم کو تبدیل نہیں کیا جاتا ، بلے بازوں سے غلطیاں ہوئیں‘ میڈیا سے گفتگو ۔ تفصیلی خبر

جمعرات 3 اپریل 2014 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قیادت سے استعفیٰ دیدیا ،حفیظ نے ایک روزہ اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کی حیثیت سے بھی دستبردار ی کا اعلان کر دیا ہے ،معین خان کا بھی کنٹریکٹ ختم ہو گیا اور ان کا کہنا ہے کہ بورڈ کی صوابدید ہے کہ اب وہ مجھے ذمہ داریاں دے یا نہ دے۔

محمد حفیظ نے یہ اعلان گزشتہ روز بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ہیڈ کوچ معین خان ، بالنگ کوچ محمد اکرم ،فیلڈنگ کوچ شعیب محمد ، بیٹنگ کنسلٹنٹ ظہیر عباس ، ٹی ٹونٹی کے کپتان محمد حفیظ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرمین نے کپتان اور مینجمنٹ سے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی بارے پوچھ گچھ کی اور سخت ناراضگی کااظہار کیا ۔

اجلاس میں محمد حفیظ نے شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی سے خوشگوارماحول میں بات چیت ہوئی۔ ٹیم کی قیادت سے استعفے کی پیشکش میں نے خود کی اس کے لئے مجھ پر کسی نے دبا ؤنہیں ڈالا، کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ ورلڈٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف خراب کارکردگی کی وجہ سے کیا۔

آخری میچ میں کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، ہم نے بہت بری کرکٹ کھیلی جس کی وجہ سے ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچ ہار گئے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کی شش کی ہے۔ قومی ٹیم میں بحیثیت کھلاڑی کسی کی بھی کپتانی میں کھیلنے کیلئے تیار ہوں اور بورڈ نے فیصلہ کرنا ہے کہ کسے کپتان بنانا ہے ۔میں کرکٹ بورڈ، آفیشلز، کھلاڑیوں، میڈیا اور مداحوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے دوران کپتانی مجھے سپورٹ کیا۔

محمد حفیظ نے بتایا کہ انہوں نے ون ڈے اور ٹیسٹ کی نائب کپتانی سے بھی استعفیٰ دیدیا ہے ۔محمد حفیظ نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ مستقبل میں اچھے فیصلے ہوتے رہیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے بطورکھلاڑی کھیلتا رہوں گالیکن بورڈ میرے مستقبل میں جو بھی فیصلہ کرے گا مجھے قبول ہوگا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے نہیں پتاٹیم کا پوسٹمارٹم کب شروع ہوگا، شکست کی ذمے دار پوری ٹیم ہے کسی ایک کو نہیں کہا جاسکتا۔

دوسری طرف ہیڈ کوچ معین خان کا بھی کنٹریکٹ ختم ہو گیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کی صوابدید ہے کہ اب وہ مجھے رکھے یا نہ رکھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ میرا کنٹریکٹ ختم ہو گیا ہے۔ اب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی جو فیصلہ کرینگے وہ قبول ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کسی بھی دوسری ٹیم سے بہتر تھی تاہم آخری میچ میں بری کارکردگی کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میچ سے قبل تک میڈیا ان ہی کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریفیں کر رہا تھا لیکن بعد میں یہی میڈیا ان کے خلاف باتیں کرنا شروع ہو گیا۔ میڈیا جن کھلاڑیوں کو ہیرو کہہ رہا تھا انھیں ہی زیرو کہنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلے بازوں سے غلطیاں ہوئی ہیں اور میں بر ملا کہتا ہوں کہ انہیں اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حفیظ کا فیصلہ لائق تحسین ہے اور اسے سراہا جانا چاہیے ۔حفیظ نے بورڈ کو موقع دیا ہے کہ مزید بہتری ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں ایک دو کھلاڑی تبدیل ہوتے ہیں سب کو ایک ساتھ نہیں نکالا جاتا۔ انہوں نے ایک سوال کے جوا ب میں کہا کہ بورڈ نے اگلے کپتان بارے پوچھا تو ضرور مشاورت دوں گا ۔

متعلقہ عنوان :