اوم پوری ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم میں جنرل پرویز کیانی کا کر دار نبھائینگے ،سابق پاکستانی آرمی چیف کی جانب سے ملالہ پر حملے کے بعد سامنے آنے والے ردعمل سے بہت متاثر ہوا ہوں ، انٹرویو

جمعرات 3 اپریل 2014 20:09

اوم پوری ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم میں جنرل پرویز کیانی ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) بالی وڈ اداکار اوم پوری پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم میں سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔اپنے ایک انٹرویو کے دوران اوم پوری نے بتایا کہ وہ ملالہ یوسفزئی کی سوانح حیات پر بننے والی فلم میں جنرل کیانی کا کردار ادا کریں گے۔میں سابق پاکستانی آرمی چیف کی جانب سے ملالہ پر حملے کے بعد سامنے آنے والے ردعمل سے بہت متاثر ہوا ہوں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کیانی نے ملالہ یوسفزئی کیلئے کافی کچھ کیا اور وہ نوجوان طالبہ نوبل امن انعام کیلئے نامزد ہونے والی سب سے کم عمر فرد بنی۔

انہوں نے کہاکہ یہ فلم ایک نوجوان فلمساز کا منصوبہ ہے جو جانتا ہے کہ کس طرح ایسی فلمیں بنائی جانی چاہئیں، ملالہ بھی اس فلم میں مہمان اداکار کی حیثیت سے نظر آئیں گی۔اوم پوری نے کہا کہ ان کا پاکستان اور پاکستانیوں سے طویل تعلق ہے انہوں نے کہاکہ میں پاکستانیوں سے دنیا بھر میں مل چکا ہوں، ہم ایک دوسرے سے پورے احترام اور محبت کے ساتھ ملتے ہیں۔عالمی برادری کا پاکستان کے بارے میں تصور درست نہیں بھارت میں بھی میں ہمیشہ پاکستان کا دفاع کرتا ہوں۔