کوئٹہ‘گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن اور آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے اختلافات ختم ‘عبوری کابینہ تشکیل

جمعرات 3 اپریل 2014 16:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اپریل 2014ء) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن اور آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے اپنے اختلافات ختم کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر ایک سال کیلئے عبوری کابینہ تشکیل دی جس کے صدر محمد نواز جتک جبکہ جنرل سیکرٹری مجیب اللہ غرشین ہونگے۔ یہ بات اساتذہ رہنماوں حاجی عبدالغفار کدیزئی اورحاجی عبدالکریم نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر محمد نواز جتک ، مجیب اللہ غرشین ،محمد قاسم خان کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔

حاجی عبدالغفار کدیزئی نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے اساتذہ بلوچستان میں دو حصوں میں تقسیم ہوگئے تھے جو گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن اور آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کر رہے تھے جس کی وجہ سے تعلیمی نظام خلفشار اور اساتذہ مسائل سے دوچار ہوئے اور ہم نے متعدد بار اساتذہ کو متحد کرنے کی کوششیں کی لیکن حالات سازگار نہ ہونے کی وجہ سے معاملات طے نہ پاسکے اب ہم نے ایک مرتبہ پھر دونوں تنظیموں کے انضمام کے حوالے سے رابطہ کیا دونوں تنظیموں نے فراغ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اساتذہ اور تعلیمی نظام کے عظیم تر مفاد کی خاطر ہمیں حاجی عبدالغفار کدیزئی اور حاجی عبدالکریم کو مکمل اختیار دیا جس کی روشنی میں ہم ثالثین نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ دونوں تنظیموں کی صوبائی کابینہ سمیت ہر سطح کے کابینہ کو تحلیل کیا جاتا ہے اور آئندہ ایک سال کیلئے صوبائی سطح پر ایک متفقہ کابینہ تشکیل دی گئی ہے جس کے صدر محمد نواز جتک ، سینئر نائب صدر داد جان بلوچ ، سیکرٹری جنرل مجیب اللہ غرشین ،ڈپٹی سیکڑتری جنرل حفیظ اللہ عیسیٰ زئی ، چیئرمین محمدقاسم خان کاکڑ،وائس چیئرمین خادم علی بگٹی،چیف آرگنائزرامان اللہ اچکزئی ،ڈپٹی چیف آرگنائزر محمد یونس کاکڑ، جوائنٹ سیکرٹری مومن خان ترین ،آڈیٹر یار جان بزنجو، نائب صدور محمد خان نوشیروانی ، احمد خان رونجھو،رابطہ سیکرٹری اسد خان سارنگزئی،سپورٹس سیکرٹری عابد اللہ ترین ، سیکرٹری اطلاعات سید عبدالعزیز آغا،سیکرٹری مالیات ہزار خان مری ، ڈپٹی آڈیٹر محمدصدیق مشوانی ، آفس سیکرٹری محمد صدیق کھیتران شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

حاجی عبدالغفار کدیزئی نے کہا کہ ڈویژن اوراضلاع کی سطح پر دونوں تنظیموں کے صدور ، جنرل سیکرٹریز ،چیئرمین ،آرگنائزراوررسینئر نائب صدر پر مشتمل10رکنی آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہان چیئرمین اور وائس چیئرمین ہونگے جبکہ باقی عہدیدار آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر ہونگے۔انہوں نے کہاکہ 15اپریل منگل کو صبح دس بجے کونسل کااجلاس ہوگا جس میں تنظیم کے نام پر خفیہ رائے شماری ہوگی رائے دہی میں صوبائی کابینہ کے ارکان دونوں تنظیموں کے ڈویژنل ،ضلعی صدور ،جنرل سیکرٹریز اور چیئرمین اپنا ووٹ استعمال کریں گے اکثریتی فیصلے سے جو نام آئے گا وہ صوبہ بھر کے اساتذہ کرام کی تنظیم کا نام ہوگا 6ارکان پر مشتمل ایک آئینی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں قاسم خان کاکڑ، مجیب اللہ غرشین،حفیظ اللہ عیسیٰ زئی ،داد جان بلوچ ، عبدالعزیز آغا اور امان اللہ خان پیرعلیزئی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کونسل کے اجلاس تک جو کارروائی ہوگی وہہ ٹیچر ایسوسی ایشن بلوچستان کے نام سے چلائی جائے گی ۔