لاہور،گرفتار ٹارگٹ کلر نے شاکر رضوی ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر علی حیدر سمیت 8افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کر لیا ،ملزمان وزیرا علیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر حیدر علی مرزا ،سی سی پی او اور ایس پی سی آئی اے پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے ‘ ذرائع

بدھ 2 اپریل 2014 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2014ء) چند روز قبل سی آئی اے پولیس کی طرف سے گرفتار کئے جانیوالے ملزمان میں سے ایک ٹارگٹ کلر نے شاکر رضوی ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر علی حیدر سمیت 8افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کر لیا ، ملزمان وزیرا علیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر حیدر علی مرزا ،سی سی پی او شفیق گجر اور ایس پی سی آئی اے عمر ورک پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سی آئی اے پولیس نے چار روز قبل کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں ایک ٹریفک وارڈن بھی شامل تھا ۔ ذرائع کے مطابق دوران تفتیش پنڈی سیداں شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر انیس نے شاکر رضوی ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر علی حیدر سمیت آٹھ شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کر لیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار ٹریفک وارڈن ملزمان کے لئے ریکی کرتا تھا۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر حیدر علی مرزا ‘سی سی پی او لاہور شفیق گجراورایس پی سی آئی اے انکے ٹارگٹ پر تھے ۔