کراچی، شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3 افراد ہلاک ،پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا

بدھ 2 اپریل 2014 21:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2014ء) شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگیا جبکہ مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظورکالونی سیکٹر آئی عیدگاہ گجر چوک کے قریب مکینک کی دکان پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 28 سالہ اسد چاوٴلہ ولد آفتاب چاوٴلہ کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول اسی علاقے میں سیمنٹ کی ایجنسی کا مالک تھا۔ واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔ منگھوپیر تھانے کی حدود رئیس سینٹر میانوالی کالونی میں 2 افراد کی تشدد زدہ گولیاں لگی بوری بند لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو اغواء کے بعد ہاتھ پاوٴں باندھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولیاں مارکر قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں ملزمان لاشوں کو بوری میں ڈال کر مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔ تاہم دونوں نوجوانوں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔ دونوں نوجوانوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا۔ ادھر شیرشاہ تھانے کی حدود سائٹ ایریا شیرشاہ اکبر روڈ کے قریب شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف ڈاکو 35سالہ شکیل ولد علی مراد سندھی مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہوگیا۔

تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسا۔ ہلاک نوجوان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ رات گئے کراچی پریس کلب میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کی زد میں آکر نجی اخبار کے رپورٹر 40 سالہ اختر نواز ولد شیرزمان زخمی ہوگیا۔ منگھوپیر کے علاقے میانوالی کالونی میں فائرنگ سے 10 سالہ عطاء اللہ ولد غلام نبی زخمی ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :