Live Updates

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کااجلاس، خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کی کاروباری شراکت نہ کرنے کا فیصلہ ،پاکستانی سیاستدانوں سے روا رکھنے جانے والے غیر مناسب رویے کیخلاف امریکہ کے سرکاری دوروں کا بائیکاٹ باضابطہ معافی مانگنے تک جاری رکھیں گے ،ڈرون حملوں کے خلاف شاندار جدوجہد کرنے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ،تاخیرالیکشن کمیشن کی طرف سے ہورہی ہے،30اپریل کو انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ۔ تفصیلی خبر

بدھ 2 اپریل 2014 21:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کی کاروباری شراکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی سے مفادات کے تصادم کے قانون (Conflict of intrence lay)کی فوری منظوری کی سفارش کی ہے۔ اس کے ساتھ امریکی حکام کے ہاتھوں پارلیمنٹرینز کی توہین کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے امریکہ کی جانب سے باضابطہ معافی مانگنے تک امریکہ کے سرکاری دوروں کے بائیکاٹ کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا ہے اور ڈرون حملوں کے خلاف شاندار جدوجہد کرنے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس چیئرمین عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کور کمیٹی کے اراکین میں سے کوئی بھی خیبرپختونخواہ کی حکومت سے کسی قسم کی کوئی کاروباری شراکت داری نہیں کریگا، اس کے ساتھ اجلاس میں خیبرپختونخواہ حکومت سے مفادات کے تصادم کے قانون کی صوبائی اسمبلی سے فوری منظوری کی سفارش کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے کور کمیٹی کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبے میں کسی بھی عذرداری کے بغیر حلقہ بندیوں کی تکمیل کے بعد 30اپریل کو انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کے مطابق مقامی حکومتوں کے انتخابات میں تاخیر کی وجہ الیکشن کمیشن کی رضامندی ہے کیونکہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ میشن اور بائیو میٹرک سسٹم کے نفاذ کے لئے الیکشن کمیشن اور نادرا سے رجوع کر چکی ہے جبکہ ان اداروں کی جانب سے مسلسل عدم دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

کور کمیٹی نے الیکشن کمیشن اور نادار کی سرد مہری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقا دمیں صوبائی حکومت کی معاونت پر زور دیتے ہوئے پورے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپنے آج کے اجلاس میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رائے دہی کا حق دینے کیلئے پورا عمل فوری طور پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں ضروری آئینی ترامیم اور مسودہ قانون پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

امریکہ کی جانب سے پاکستانی سیاستدانوں سے روا رکھنے جانے والے غیر مناسب رویے کے خلاف بھرپور رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے گذشتہ فیصلے کا اعادہ کیا اور یہ طے کیا کہ مرکز یا صوبے سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی امریکہ کی جانب سے باضابطہ معافی مانگنے تک امریکہ کے سرکاری دوروں کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے اور امریکہ کے سفر سے گریز کرینگے۔

ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج میں ثابت قدم رہنے اور امریکی انتظامیہ کو ڈرون حملے روکنے پر مجبور کرنے کیلئے کیے گئے احتجاج پر کارکنان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت نے اعتراف کیا کہ کارکنان کے اسی احتجاج کی بدولت حکومتِ پاکستان اقوام متحدہ میں ڈرون مخالف قرار داد پیش کرنے پر مجبور ہوئی ۔ اجلاس میں پارٹی کے 18ویں یوم ِ تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں25اپریل ایک عظیم الشان کنونشن کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات