موجودہ مسائل ومشکلات پر جلدقابوپالیں گے،حالات بہترہوجائیں گے،گورنرخیبرپختونخوا، امن وامان کے مسائل پر قابو پانا، امن واستحکام یقینی بناناور معاشی ترقی کے مواقع پیدا کرنا یاولین ترجیح ہے،صوبے کے حالات پہلے سے بہت بہترہے، آئندہ بھی پائیدار بنیادوں پر امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے کوشش جاری رکھیں گے:چیمبر میں تقریب سے خطاب

بدھ 2 اپریل 2014 21:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2014ء) خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ ہمیں بحیثیت قوم جن مشکلات کا سامناہے وہ ایک عارضی رجحان ہے جو ختم ہوکررہے گا اور حالات مکمل طور معمول پرآئیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ امن وامان کے مسائل پر قابو پانا، امن واستحکام یقینی بناناور معاشی ترقی کے مواقع پیدا کرنا یقیناً اولین ترجیح ہے اور اس وقت وطن عزیز میں تجارت وکاروبار کے فروغ کیلئے دستیاب حوصلہ افزاء ماحول کے پیش نظر اس امر میں بھی شک نہیں کہ اس حوالے سے جاری کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔

وہ بدھ کے روز خیبرپختونخوا ایوان صنعت وتجارت کے دورے کے دوران پشاور کی تاجر برادری کے عہدیداروں اور چیدہ چیدہ نمائندوں سے خطاب کررہے تھے۔ گورنرنے خوشگوار اور آزادانہ ماحول میں تاجربرادری کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کی اور ان کے نکتہ نظر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

چیمبرکے صدر جناب زاہد شنواری نے گورنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے چیمبرکے اراکین کے نکتہ نظر پرروشنی ڈالی۔

سینیٹرالیاس احمد بلور، حاجی افتخار احمد، حاجی شرافت علی مبارک، حاجی محمد افضل، ضیاء احمدسرحدی، آفتاب احمدخان اور تیمورخان نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا اور تاجربرادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ یقیناً صوبے کی تاجربرادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے ان کے نکتہ نظر کے بارے میں احساس ہر سطح پر پایاجاتاہے اور حکومت کے نمائندوں کے ان کے ساتھ تسلسل کے ساتھ روابط بھی اس حقیقت کاواضح ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ آج وہ خود ان کے مابین موجود ہیں اور گذشتہ روز وفاقی وزیر تجارت غلام دستگیر اس ایوان میں موجود تھے اور انشاء اللہ آئندہ بھی پائیدار بنیادوں پر امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے اس سلسلے میں جاری کوششوں کی رفتار برقرار رکھی جائے گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجراء کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی تجویز کا حوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ اس سلسلے میں دستیاب حوصلہ افزاء حالات کے پیش نظر انہیں صوبے میں یقنیاً جلد ہی مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔

گورنر نے کہاکہ جہاں تک فاٹا کا تعلق ہے وہاں بھی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے محفوظ اور خوشگوار ماحول کی دستیابی یقینی پنانے کیلئے ہرممکن قدم اٹھایاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں فاٹا میں نافذ کئے گئے نئے قوانین کی بدولت بھی تجارت و کاروبار کے فروغ میں مدد ملے گی۔ گورنر نے کہاکہ باجوڑ اور مہمند ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والے قبائل اپنے آبائی علاقوں کو واپس جاچکے ہیں، کرم ایجنسی کے متاثرین اپنے ہی متعلقہ ایجنسی میں مقیم ہیں جن کی جلد بحالی کیلئے اقدامات جاری ہیں اور محسود قبائل کی بھی اپنے آبائی علاقوں میں واپسی ممکن بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور تمام تر اقدامات کے یقیناً متعلقہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ضمن میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

گورنرنے صوبے کی تاجربرادری کے مشکل حالات کاحوصلے سے سامناکرنے کے جذبے اورقربانیوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ پائیدار بنیادوں پر امن و استحکام یقینی بنانے کے ضمن میں بھی ان کی توقعات کو جلد عملی شکل دینے کیلئے انہیں آئندہ بھی ہرممکن مدد دی جائیگی۔ قبل ازیں جناب زاہدخان شنواری ، سینیٹرالیاس احمدبلور اور دیگر نے تاجربرادری کی تجاویز کے حوالے سے اپنا نکتہ نظر پیش کرتے ہوئے متعدد تجاویز بھی پیش کیں اور گورنرکی چیمبرآمد پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :