نیند کے اوقات میں کمی، دل کے دورے کے خطرے میں 25 فیصد اضافہ

بدھ 2 اپریل 2014 14:28

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2اپریل 2014ء)ایک نئی تحقیق کے مطابق مقرر کردہ وقت سے صرف ایک گھنٹہ بھی کم نیند لینے سے اگلے دن دل کے دورے کا امکان پچیس فیصد بڑھ جاتا ہے۔ یہ نتائج اس وقت سامنے آئے جب دن کی روشنی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے گھڑیوں کو ایک گھنٹہ آگے کرنے والے ممالک کے شہریوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بیش تر مغربی ممالک میں سورج کی روشنی سے فائدہ اٹھانے کے لیے گرمیوں میں گھڑیاں ایک گھنٹے آگے کردی جاتی ہیں، امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اس سے دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

امریکی تحقیق کے مطابق گھڑی کو ایک گھنٹے آگے کرنے سے شہریوں کی نیند ایک گھنٹے کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے اگلے دن دل کا دورہ پڑنے کے خطرات میں پچیس فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق گھڑی کی سوئی کو دوبارہ معیاری وقت پر لانے سے لوگوں کو سونے کے لیے مزید ایک گھنٹے کا وقت مل جاتا ہے اور اس سے دل کے دورے کے خطرات میں اکیس فیصد کمی واقع ہوتی ہے۔