دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

منگل 1 اپریل 2014 13:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1اپریل 2014ء)کوئٹہ میں دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 10روپے اور دہی کی فی کلوقیمت میں 15روپے تک اضافہ کردیا گیا ،دودھ فروشوں کی من مانی پر ضلعی انتظامیہ اور پرائس کمیٹی خاموش تماشائی بن گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں فی لٹر دس روپے اضافے کے بعد دودھ کی قیمت 86روپے ہوگئی جبکہ ایک کلو دہی کی قیمت سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے نوماہ پہلے مقرر کئے گئے آخری نرخ نامے میں دودھ کی قیمت 65روپے اور دہی کی قیمت 70روپے فی کلو مقرر کی تھی۔ دودھ فروشوں کا موقف ہے کہ ڈیری مالکان نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے وہ بھی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں پرائس کمیٹی نام کی کوئی چیزنہیں ہے ۔ اس لئے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا جارہا ہے ۔