پاکستان میں آئندہ دو برسوں میں ہر بچے کو سکول میں داخل کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے ،اقوام متحدہ ، عالمی برادری پاکستان میں تعلیم کی بہتری کیلئے ایک بلین ڈالر کی امداد فراہم کرے گی ، گورڈن براؤن ،عمارتوں کی تعمیر اساتذہ کی بھرتی، تربیت اور ان کی حاضری کو یقینی بنایا جائے ،انٹرویو

پیر 31 مارچ 2014 22:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2014ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئندہ دو برسوں میں ہر بچے کو سکول میں داخل کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک انٹرویو میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے گلوبل ایجوکیشن کے نمائندے گورڈن براؤن نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے عالمی برادری اس کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے، پاکستان تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کے 4 فیصد تک لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان میں تعلیم کی بہتری کیلئے ایک بلین ڈالر کی امداد فراہم کرے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اس رقم کو شفاف طریقہ سے تعلیم کے فروغ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبہ پنجاب کی مثال دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ دیگر صوبے بھی تعلیمی اہداف کے حصول میں پنجاب کی پیروی کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیم کے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا جائے۔ عمارتوں کی تعمیر اساتذہ کی بھرتی، تربیت اور ان کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔