چاند نظر نہیں آیا، یکم جمادی الثانی بروزبدھ 2 اپریل کو ہوگی ، چیرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن

پیر 31 مارچ 2014 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2014ء)مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیاہے کہ ماہِ جمادی الثانی 1435ئھ کا چاند نظر نہیں آیا ،یکم جمادی الثانی بروز بدھ2 اپریل کو ہوگی ۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مفتی سید صابر حسین ، مولاناحافظ محمد سلفی ،مولانا اسددیوبندی ، مولانا صابر نورانی،قاری نذیر احمد نعیمی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی فنی معاونت کے لئے محکمہٴ موسمیات کے چیف میٹر لوجسٹ محمدتوصیف عالم ا ور سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے شرکت کی ۔ ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے۔ پاکستان کے کسی بھی مقام سے جمادی الثانی کا چاند نظر آنے کی خبر یا شہادتیں موصول نہیں ہوئی ، محکمہٴ موسمیات نے بھی اپنے مراکز سے عدمِ رویت کی رپورٹ دی،جامعة الرشید کے شعبہٴ فلکیات کے مراکز نے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ دی ہے ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم جمادی الثانی 1435ئھ بدھ 02 اپریل کو ہوگی ۔