جمہوریت پر شب خون مارنے والے پرفرد جرم عائد ہو چکی ، سزا کا فیصلہ عدالت اور وقت کریگا ،وزیردفاع خواجہ آصف ،آئین اور قانون شکنی سب سے گھناؤنا جرم ہے ،عدلیہ کے فیصلے پر من وعن عمل کرینگے ، پرویز مشرف کی والدہ کو ائیر ایمبو لینس کے ذریعے واپس لانے کیلئے تیار ہیں ، تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، پرویز مشرف کے مالشیے سوچ رہے ہیں پھر کوئی چور دوازے آئے گا پھر مالش کرینگے ، آرمی کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے ، اب آئین اور قانون کی بالادستی ہمیشہ کیلئے قائم ہوگی ،قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پراظہار خیال ۔ تفصیلی خبر

پیر 31 مارچ 2014 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر دفاع ،پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جمہوریت پر شب خون مارنے والے پرفرد جرم عائد ہو چکی ، سزا کا فیصلہ عدالت اور وقت کریگا ،آئین اور قانون شکنی سب سے گھناؤنا جرم ہے ،عدلیہ کے فیصلے پر من وعن عمل کرینگے ، پرویز مشرف کی والدہ کو ائیر ایمبو لینس کے ذریعے واپس لانے کیلئے تیار ہیں ، تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی ، پرویز مشرف کے مالشیے سوچ رہے ہیں پھر کوئی چور دوازے آئے گا پھر مالش کرینگے ، آرمی کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے ، اب آئین اور قانون کی بالادستی ہمیشہ کیلئے قائم ہوگی ۔

پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ ہم سب آئین کادفاع کرینگے ہم نے آج جمہوریت کی جانب سفر کی ایک اور منزل طے کرلی ہے کل تک جو خواب لکھتا تھا عدلیہ نے اسے حقیقت بنا دیا ہے میں ایگزیکٹو کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو دو مرتبہ آئین توڑنے والا کا کیس لیکر عدالت کے پاس گئی آئین اور جمہوریت پر شب خون مارنے والے پر آج فرد جرم عائد ہو گئی ہے اس پر مقدمے بھی چلے گا اور علامتی سزا یا کسی بھی سزا کا فیصلہ عدلیہ اور وقت کریگا انہوں نے کہاکہ مجھے دکھ ہے کہ 2007میں جن لوگوں نے مشرف کی ایمر جنسی کے حق میں ووٹ ڈالا وہ بھی اس ایوان میں بیٹھے ہیں اور جو اس وقت پیشن گوئی کرتے تھے کہ نواز شریف واپس نہیں آئے گا وہ دیکھ لیں کہ نواز شریف اللہ کے فضل سے تیسری مرتبہ ملک کا وزیر اعظم ہے اور آئین و قانون شکن مقدمات کا سامنا کرررہا ہے انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کی والدہ اب بیمار ہیں ہم پرویز مشرف کی والدہ کو ایئر ایمبو لینس کے ذریعے واپس لاتے ہیں انہیں تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیگی انہوں نے کہاکہ اس ملک میں ایسے بھی لوگ موجود ہیں جن کے والدین دور ان اسیری وفات پا گئے خواجہ سعد رفیق کی والدہ فوت ہوئیں آصف علی زر داری کی والدہ فوت ہوئیں تو انہیں پیرول پر لایا گیا پرویز مشرف کی والدہ بیمار ہیں اگر اس طرح پرویز مشرف کو رعایت دی گئی تو پاکستان کی جیلیں بھری پڑی ہیں جن کے بیوی بچے اور والدین بیمار ہیں اس شخص نے ملک کی تاریخ کا سب سے بھیانک جرم کیا کہ پاکستان کو ایسی جنگ میں جھونک دیا جو ہماری جنگ نہیں تھی 50ہزار جانیں اس جنگ کا نشانہ بنیں اس ملک کو امریکہ کے آگے بیچ دیا اس وقت جو اس کے حمایتی تھے ان کو یہ سب یاد نہیں انہوں نے کہاکہ عدلیہ میں اس شخص کا مقدمہ ہے اب آئین اور قانون کی بالادستی ہمیشہ کیلئے قائم ہوگی ہم قانون اور آئین پر عملدر آمد کرینگے عدلیہ کے فیصلے پر من وعن عمل کیا جائیگا اور اس بارے میں کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے نہ ہی ہم پر کوئی دباؤ ہے انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے جو مالیشے تھے وہ سوچ رہے ہیں کہ فوج ناراض ہو کر پھر مداخلت کریگی فوج حکومت اور عوام سب ایک صفحے پر ہیں ملک کو ترقی اور امن کی منزل تک پہنچائیں گے مالشیے یہ سوچ رہے کہ کوئی چور دروازے سے آئے گا اور پھر اس کی مالش شروع کر دینگے اور جوتیاں سیدھی کریں خواجہ آصف نے کہاکہ اس ملک کے رہنے والے اس بات کی گارنٹی مانگتے ہیں کہ ملک میں آئین بالادست ہوگا اور قانون کی حکمرانی ہوگی ۔

(جاری ہے)

آج یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ایک آئین شکن اور عام آدمی کیلئے قانون ایک ہے اور سب لوگ یہ چاہتے ہیں کہ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے پرویز مشرف ایک مجرم ہے جن لوگوں نے مشرف کی ایمر جنسی کے حق میں ووٹ ڈالا انہیں بھی کٹہرے میں لایا جاناچاہیے وہ لوگ اس ایوان میں دونوں طرف بیٹھے ہیں جنہوں نے اپنے اوپر کالک ملی اور فوجی حکمران کے آگے گٹھنے ٹیکے انہوں نے کہاکہ اب ہم سیاسی طورپر بالغ ہو چکے ہیں آزاد عدلیہ قائم ہوئی ہے ملک میں ایک منتخب حکومت ہے پانچ ، سات سال تک ملک میں جمہوریت احسن انداز میں چلی تو آرمی کی سوچ میں بھی تبدیلی آئی ہے18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو خود مختاری دی گئی آج ہم جس سفر پر گامزن ہیں اس پر کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے انہوں نے کہاکہ جوواقعہ ہوا ہے اس بات کو ثابت کر تا ہے کہ اس ملک کے اٹھارہ کروڑ عوام سیاسی طورپر بالغ ہو چکے ہیں آئین اور قانون شکنی سب سے گھناؤنا جرم ہے جو بھی فیصلہ عدلیہ کریگی حکومت اس پر من وعن عمل کریگی