پرویز مشرف نے طاقت کے نشے میں جو اقدامات کئے ہیں اس کا انہیں ضرور خمیازہ بھگتنا پڑے گا،عرفان اللہ مروت ، پوری دنیا میں سیاستدانوں کو ہمیشہ بدنام کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی سول سرونٹس یا فوجی اپنے اختیارات چھوڑنا نہیں چاہتا،رہنما مسلم لیگ(ن)

پیر 31 مارچ 2014 19:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ خان مروت نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں سیاستدانوں کو ہمیشہ بدنام کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی سول سرونٹس یا فوجی اپنے اختیارات چھوڑنا نہیں چاہتا۔ قوم کو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا شکر گذار ہونا چاہیے، جنہوں نے ملازمتوں کی غیر قانونی توسیع پر پابندی عائد کی۔

پرویز مشرف نے طاقت کے نشے میں جو اقدامات کئے ہیں اس کا انہیں ضرور خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ پرویز مشرف پر فرد جرم کے عائد کے نفاذ اور ان کے انکار کے سوال پر عرفان اللہ مروت نے کہا کہ کوئی بھی قاتل عدالت میں قتل کا اعتراف نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا معاملہ عدالتی پروسس ہے اور اس کو بھگتنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کسی بھی معاملے پر دیر ہے اندھیر نہیں ہے۔ اس لئے آدمی کو اپنا ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو ان کے کئے کی سزا ضرور ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں آمریت حکومت کی کارکردگی کے باعث آتی ہے۔ اگر کارکردگی عوام کے مفاد کی بجائے پاور کے مفاد میں ہو تا پھر آمریت کو پھلنے کا موقع ملتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہمیشہ سزا عام آدمیوں اور سویلین کو ملی ہیں، کسی بھی فوجی کو آج تک کوئی سزا نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اچھے اچھے لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں لیکن آج تک کسی فوجی آفیسر کو کچھ نہیں ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملے پر عدلیہ کے فیصلے کو سب کو ماننا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :