چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو ساڑھے بارہ ایکڑ اراضی مالکانہ حقوق پر دی جائے گی‘ ندیم اشرف

پیر 31 مارچ 2014 16:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31مارچ 2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کی زندگی میں انقلاب لانے اور انہیں خوشحال کرنے کے لئے جامع ریلیف پیکج تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت چولستان کے بے زمین کاشتکاروں میں ساڑھے بارہ ایکڑ رقبہ کی اراضی مالکانہ حقوق پر الاٹ کی جائے گی، اس ریلیف پیکج پرعملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

اس امر کا اظہار سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف نے سوموار کے روز اس سلسلہ میں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر کمشنر بہاولپور، ڈی سی او بہاولپور، ریونیو و دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا کہ چولستان کے طول و عرض میں عوام کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کو حکومت نے اپنا مشن بنایا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں چولستان کے رہنے والوں کو صحت، خوراک، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔یہاں کے رہنے والوں کو خوشحالی کی زندگی فراہم کئے بغیر صوبے کی ترقی کا عمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے دورے کے بعد جامع ریلیف پیکج تیار کیا گیا ہے جس کے تحت چولستان کے بے زمین کاشتکاروں میں ساڑھے بارہ ایکڑ اراضی کی تقسیم کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں ہر قسم کا پیپرورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساڑھے بارہ ایکڑ راضی بلا قیمت اور مالکانہ حقوق پر دی جائے گی۔ اس کی تقسیم نہایت شفاف طریقہ سے ہو گی اور ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس عمل سے چولستان کا کاشتکار خوشحال ہو جائے گا۔