پرویز مشرف اسامہ کی پاکستان میں موجودگی سے آگاہ تھے،بھارتی اخبار

پیر 31 مارچ 2014 15:48

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31مارچ 2014ء) بھارتی اخبار ”ٹائمز آف انڈیا“ کیمطابق پرویز مشرف اسامہ کی پاکستان میں موجودگی سے آگاہ تھے۔ اخبار نے برطانوی صحافی کارلوٹا گیل کی نئی کتاب کے حوالے سے لکھا کہ پاکستان کے سابق فوجی آمر پرویز مشرف ممکنہ طور پر القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن اور اس کے چھپنے کی جگہ کو جانتے تھے،صحافی نے اپنی کتاب میں یہ انکشاف پاکستان کے ریٹائرڈ جنرل طلعت مسعود کے حوالے سے کیا ہے۔

برطانوی صحافی کی کتاب جس کے کچھ اقتباسات امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں بھی شائع ہوئے اور پاکستانی فوج نے اس کی تردید کی۔نیویارک ٹائمز کی اسٹوری میں مصنفہ نے اپنے ذرائع کا انکشاف نہیں کیا تھا،تاہم بھارتی اخبارات نے خبر رساں ادارے کے حوالے اس ذریعے کا نام پاکستان کے ایک ریٹائرڈ جنرل طلعت مسعود کا بتا یا ہے۔

(جاری ہے)

عنقریب 8اپریل کو منظر عام پر آنے والی برطانوی صحافی کی کتاب"The Wrong Enemy: America in Afghanistan 2001-2004 میں وہ لکھتی ہے کہ مشرف کے خلاف عدالتی کیس کے آگے بڑھنے سے اس کے دور کے مزید اسرار کھلیں گے۔

مصنفہ لکھتی ہے کہ ایک دن وہ اسلام آباد میں گھر میں بیٹھے تھے ، ریٹائرڈ جنرل طلعت مسعود ٹیلی ویژن پر مشرف کے ساتھ ایک انٹرویو دیکھ رہے تھے مسعود کو جنرل مشرف کی کچھ باتوں نے متوجہ کیا ،مشرف اسامہ بن لادن کے متعلق گفتگو کر رہے تھے اور اسامہ کے معاملے میں وہ بہت زیادہ باتیں کرتے تھے۔ مسعود پر یہ بات کھلی کہ جنرل مشرف اسامہ بن لادن کے بارے میں جانتے تھے کہ اسامہ کہاں چھپا ہو ا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ وہ جانتے تھے۔ مشرف نے مسعود کو بتایا تھا کہ ہمیں طالبان کی حمایت ترک کردینی چاہیے اور کشمیر میں جہادیوں کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز نے 19مارچ کی اشاعت میں اسی کتاب کے حوالے سے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسامہ بن لادن کئی برس پاکستان میں رہے اور اس کے بارے میں اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا پوری طرح واقف تھے، اس کے علاوہ اسامہ کے معاملات دیکھنے کے لئے آئی ایس آئی میں خصوصی ڈیسک قائم تھی جس کی پاک فوج نے تردید کی ۔

متعلقہ عنوان :