دینی مدارس سے نوجوانوں کی ایسی کھیپ تیار ہو جو ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کر سکیں‘ گورنر پنجاب،پاکستان علماء کونسل بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے جو کوششیں کررہی ہے وہ قابل قدر ہیں ‘چوہدری سرور

اتوار 30 مارچ 2014 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دینی مدارس سے نوجوانوں کی ایسی کھیپ تیار ہو جو ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کر سکیں،پاکستان علماء کونسل بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے جو کوششیں کررہی ہے وہ قابل قدر ہیں،پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن اقداما ت کو بروئے کا رلارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی کی قیادت میں آئے ہوئے 20رُکنی علماء اکرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں پاکستان علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمودد قاسمی کے علاوہ علامہ ایوب صفدر، حافظ محمد امجد، مولانا عمارنذیر بلوچ، مولانا نعمان حاشر، قاری احمد علی ندیم، مولانا عبدالحمید صابری، میاں راشد منیر، مولانا عمر عثمانی، حافظ امجد محمود، عبدالخالق مرالی، مفتی عمر فاروق، مولانا اعظم فاروق، مولانا شکیل الرحمان قاسمی، قاری محمد مشتاق، مولانا عبدالقیوم، مولانا انوارالحق مجاہد، قاری محمد سلمان عثمانی اور محمد عمر فاروق شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام محبت، برداشت اور مساوات کا درس دیتا ہے جو تمام طبقات کے حقوق اوران کے تحفظ کو یقینی بنانے کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء اکرام کو چاہئے کہ اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ علماء اکرام نے ہمیشہ ملکی فلاح و بہبود اور امن و امان بحال رکھنے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملکی سلامتی اور بقاء کے لئے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ صوبے کے عوام کو صحت، تعلیم اور پینے کا صاف پانی کی دستیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے صوبے کے مختلف علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔

گورنر نے وفد کو دینی مدارس میں 2 عد د واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کی یقینی دہانی کرائی۔اس موقع پر وفد کے سربراہ حافظ محمد طاہر اشرفی نے انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :