سراج الحق جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر منتخب ہوگئے،سراج الحق5ستمبر1962کولوئردیرثمرباغ میں پیدا ہوئے ،پشاور یونیورسٹی سے بی ایڈ اور ایم اے اسلامیات کی ڈگری حاصل کی،2002میں سینئروزیررہے،2009ء میں جماعت اسلامی کے نائب امیر منتخب ہوئے۔ تفصیلی خبر

اتوار 30 مارچ 2014 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے سینئروزیرسراج الحق جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر منتخب ہوگئے،سراج الحق5ستمبر1962کولوئردیرثمرباغ میں پیدا ہوئے سراج الحق کی درویش صفت طبیعت اورمجاہدانہ اوصاف کی بدولت تحریکی اورعوامی حلقوں میں انکو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ میٹرک تک بنیادی تعلیم مختلف سکولوں میں حاصل کی جس کے بعد گورنمنٹ ڈگری کالج تیمر گرہ سے بی اے کی ڈگری لی، پشاور یونیورسٹی سے بی ایڈ اور پھر ایم اے اسلامیات کیا۔

تعلیمی دور میں اٹھویں جماعت سے ہی کالجز یونیورسٹیز کی سطح پر ملک گیر تنظیم (اسلامی جمعیت طلبہ) سے وابستہ ہوگئے۔ تین سال صوبہ سرحد جمعیت کے ناظم رہے۔بعد ازاں1988ء میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ بنے۔

(جاری ہے)

تعلیمی مراحل سے فراغت کے بعد جب عملی میدان میں گئے تو تقریبا ایک سال جماعت اسلامی کے کارکن کے طور پر کام کیا بعد میں رکن بن گئے۔

ایک سال ضلع دیر میں جندول کے علاقہ میں رکن کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ پھر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔ اکتوبر2002ء کے انتخابات میں دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی بطور سینئر وزیر حکومت میں چار سال فرائض سرانجام دیے۔بعد ازاں 2003ء میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر بنے۔

اپریل 2009میں جماعت اسلامی کے مرکزی انتخاب کے بعد انہیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے نائب امیر کی ذمہ داری سونپی،جسے وہ بخوبی انجام دیتے رہے۔ سراج الحق اردو، انگریزی،فارسی، عربی،پشتو اور دیگر زبانوں پر دسترس رکھتے ہیں۔ پشتو کے علاوہ اردو میں بھی آپ کی تقریر عوامی حلقوں میں پسند کی جاتی ہے۔جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق سراج الحق بہت جلد جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ لاہورمنتقل ہوجائیں گے اوروہ خیبرپختونخوا حکومت میں سینئروزیرکاعہدہ چھوڑ دینگے۔