والدین اپنے بچوں کو حصول تعلیم کی طرف راغب کریں،حبیب الرحمان،نصاب تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیں،صوبائی وزیر زکوٰة

اتوار 30 مارچ 2014 19:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰة، اوقاف اور مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حقیقی معنوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں مصروف نجی تعلیمی اداروں کی مکمل سرپرستی کرے گی کیونکہ صوبے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کے روزضلع بونیر کے موضع ریگہ میں بونیر ماڈل سکول میں ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی سطح پر تعلیم کے فروغ کیلئے مربوط اور موثر کوششیں کر رہی ہے تاہم یہ کوششیں تب ہی بار آورثابت ہو سکتی ہے جب والدین اپنے بچوں کو حصول علم کی طرف راغب کریں اور اساتذہ کرام اپنی صلاحیتیں نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے پوری ذمہ داری کے ساتھ بروئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے موقع پر موجود طلبہ کو تاکید کی کہ وہ نصاب پر پوری توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ حصول تعلیم کیلئے صحتمند رہنا از حد ضروری ہے۔

حاجی حبیب الرحمان نے سکول کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع کا اظہار کیا کہ دیگر تعلیمی ادارے بھی بونیر ماڈل سکول کی تقلید کرتے ہوئے اپنے تعلیمی معیار کو خوب سے خوب تر بنانے کی کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :