حکومت پنجاب کی طرف سے تھر متاثرین کے لئے خوراک اور پانی کی متواتر فراہمی کا عمل جاری ہے‘ ریلیف کمشنر،اتوار کے روز 10ٹرکوں کے ذریعے 5557فوڈ ہیمپرز اور 5716منرل واٹر بوتلیں تقسیم کی گئیں،تھر کے طول و عرض میں واقع دور دراز کی گوٹھوں تک خوراک اورپانی فراہم کیا جارہا ہے‘ندیم اشرف

اتوار 30 مارچ 2014 16:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر تھر متاثرین کے لئے خوراک اور پانی کی متواتر فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں آج مزید دس ٹرکوں کے ذریعے تھر کی مختلف گوٹھوں کے متاثرین میں 5557خوراک کے تھیلے اور 5716منرل واٹر بوتلیں تقسیم کی گئیں-اس امر کا اظہار چیف ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف نے آج پی ڈی ایم اے کی طرف سے تھر متاثرین کے لئے امدادی سامان کی فراہمی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا-چیف ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ صوبہ سندھ کے قحط اور خشک سالی سے متاثر ضلع کی مختلف گوٹھوں میں متاثرین کو حکومت پنجاب کی طرف سے خوراک اورپانی کی فراہمی کا عمل باقاعدگی سے جاری ہے اس سلسلے میں 21.5 کلو گرام کے خوراک کے تھیلے ہر فیملی کو تقسیم کئے جارہے ہیں جو ایک خاندان کے لئے 15دن کے لئے کافی ہے جس میں دالیں ، چینی ، پانی، گھی ، چائے کی پتی، ماچسیں، نمک ، لال مرچ ، بسکٹ وغیرہ شامل ہیں جبکہ ڈیڑھ لٹر کی منرل واٹر بوتلیں بھی خوراک میں علیحدہ سے شامل ہیں - انہوں نے کہا کہ بہترین حکمت عملی کے ذریعے تھر کے دور دراز گوٹھوں میں رہنے والے متاثرین کو بھی خوراک اورپانی متواتر پہنچایا جارہا ہے-