پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کی سماعت (کل)پیر کو ہوگی ،سابق صدر پر فرد جرم عائد کئے کا امکان ،پرویزمشرف کی سیکورٹی کیلئے رینجرز، پولیس کمانڈوز اور حساس اداروں کے2100 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت آنے کیلئے 2سے 3 روٹس لگائے جائیں گے ،موومنٹ کے دوران تمام رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوں گی، مشرف 31مارچ کو عدالت حاضر نہ ہوئے تو گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا ۔ تفصیلی خبر

اتوار 30 مارچ 2014 15:00

پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کی سماعت (کل)پیر کو ہوگی ،سابق صدر پر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربرا ہ اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کی سماعت (کل)پیر کو ہوگی جس میں سابق صدر پر فرد جرم عائد کئے کا امکان ہے ،پرویزمشرف کی سیکورٹی کیلئے رینجرز، پولیس کمانڈوز اور حساس اداروں کے2100 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت آنے کیلئے 2سے 3 روٹس لگائے جائیں گے ،موومنٹ کے دوران تمام رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے سربرا ہ اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کی سماعت (کل)پیر کوتین رکنی خصوصی عدالت کریگی جس میں سابق صدر پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کی جائیگی ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا پرویزمشرف کی سیکورٹی کیلئے رینجرز، پولیس کمانڈوز اور حساس اداروں کے2100 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، ملزم پرویزمشرف کی اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت آنے کیلئے 2سے 3 روٹس لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسلام آبادمیں ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے جبکہ خصوصی عدالت کے باہر کسی قسم کے مظاہرے پرپابندی ہوگی ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کو ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظرعدالت کے اطراف کنٹینرز رکھ کر اسے بم پروف بنایا گیا جبکہ رینجرز کے اہلکار پیٹرولنگ کے علاوہ عدالت کی چھت پر بھی تعینات ہوں گے۔ پرویز مشرف کی خصوصی عدالت آمد پر ریڈ زون کو سیل کیا جائیگا جبکہ موومنٹ کے دوران تمام رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوں گی۔

دوسری طرف پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے پولیس کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس پی سٹی اسلام آباد مستنصر فیروز پولیس ٹیم سربراہ ہوں گے، ان کے علاوہ ٹیم میں اے ایس پی سٹی یاسر آفریدی اور 3 انسپکٹر زشامل ہیں۔ پولیس ٹیم صبح 8 بجے اے ایف آئی سی میں اپنی پوزیشن سنبھال لے گی سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے حکم دے رکھاہے کہ اگرملزم پرویزمشرف31 مارچ کو عدالت میں حاضرنہ ہوں توانہیں گرفتارکرکے لایاجائے۔