صوبائی کابینہ میں رد وبدل کارکردگی کی بنیاد پرہو رہا ہے ،پرویزخٹک، میرے کسی وزیر یا مشیر کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں میں سب کو چیلنج کرتاہوں کہ وہ میری کابینہ کے کسی بھی وزیر یا مشیر کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام لے آئیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ہفتہ 29 مارچ 2014 23:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) خیبر پختونخواکے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں رد وبدل خالصتا کارکردگی کی بنیاد پرہو رہا ہے میرے کسی وزیر یا مشیر کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں میں سب کو چیلنج کرتاہوں کہ وہ میری کابینہ کے کسی بھی وزیر یا مشیر کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام لے آئیں تو اس کو نشان عبرت بنا دیں گے زبانی دعوؤں سے بات نہیں بنے گی مخالفین ذرا اپنے گریبانوں میں جھانک کر دیکھیں انہیں تبدیلی اسلئے نظر نہیں آرہی کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں لوٹ کھسوٹ کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے تھے اب کرپشن کے دروازے بند ہو چکے ہیں احتساب کا غیر جانبدار اور شفاف نظام قائم ہورہاہے جس میں مجھ سمیت سب کاکڑا احتساب ہوگا چوروں اور لیٹروں کو اپنی حثیت کا خود اندازہ ہوجائے گا انہیں اللہ بھی معاف نہیں کرے گا اور عوام نے پہلے ہی ان کو مسترد کیا اور آئندہ بھی کریں گے تحریک انصاف کے گراف میں کوئی کمی نہیں آئی وہ نوشہرہ میں اخبار نویسوں سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر منصوبہ بندی و ترقیات کے پارلیمانی سیکرٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمان، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، صوبائی وزیر ایکسائز میاں جمشید الدین کاکاخیل ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت خان خٹک، تحصیل نوشہرہ کے صدرملک ابرار اور ڈسٹرکٹ بار نوشہرہ کے نو منتخب جنرل سیکرٹری حاجی محمد ریاض ایڈوکیٹ بھی موجود تھے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے کسی بھی وزیر یا مشیر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں اور حالیہ رد وبدل صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہوا ہے کیونکہ پی ٹی آئی پہلی مرتبہ حکومت میں آئی اور وزراء اور مشیر وں کواپنے محکموں کے حوالے سے اتنا تجربہ نہیں تھالیکن اس کے باوجود وزراء نے اپنا کام بطریق احسن چلایااور جہاں جہاں کوتاہی دیکھی گئی وہاں تبدیلی لائی گی انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی میں تمام فیصلے میرٹ پرہوتے ہیں کیونکہ یہ ملک کی دوسری بڑی سیاسی جماعت ہے پارٹی چیرمین عمران خان کی قیادت میں کور کمیٹی میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے میڈیا کو اتنی آزادی ہے کہ ہمارے خلاف بے پرکیاں اڑائی جا رہی ہیں لیکن ہم نے اسے جمہوریت کا حسن قرار دیتے ہوئے کبھی میڈیا کو ڈکٹیشن نہیں دی پرویز خٹک نے مخالفین کے دعوؤں کو مستر د کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کے پاس ہماری حکومت کے خلاف کچھ نہیں وہ خود کو سیاسی میدان میں زندہ رکھنے کے لیے ہمیں بے جاتنقید کا نشانہ بنارہے ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ضمنی انتخاب میں ہماری مخالف دینی اور سیاسی جماعتیں اتحاد بناکر ہمیں شکست نہیں دی سکیں اور وہ آج بھی بلدیاتی انتخابا ت کیلئے ہمارے خلاف اتحاد بنا رہے ہیں اب تک جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے ہیں اس میں تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملی اور ہم نے پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کیے اگر انہیں اپنی مقبولیت پراتنا یقین ہے تو وہ اتحاد کیوں بنا رہے ہیں اب بلدیاتی انتخابات میں بھی ان کو اپنی حیثیت کااندازہ ہو جائے انہوں نے کہا کہ عوام سابقہ دور حکومت میں نوکریوں اور ٹھیکوں کی خرید وفرخت او ربند ربانٹ نہیں بھولے کرپشن اور کمیشن کی داستانیں بھی نہیں بھولے عوام کی اتنی زیادہ شکایتی درخواستیں احتساب کمیشن اور وزیراعلیٰ شکایات سیل کو موصول ہوچکیں جن پر کاروائی سے مخالفین کے چاروں طبق روشن ہوجائیں گے سب کاکڑا کا احتساب ہوگا ہم خود کو بھی احتساب کیلئے پیش کریں گے ہم نے آزاد و شفاف احتساب کمیشن قائم کیا ہے جس میں چپڑاسی سے لیکر وزیر اعلی تک کا احتساب ہوسکے کسی کے ساتھ کوئی رورعایت نہیں برتی جائیگی صوبے میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے مخالفین سب کچھ ڈکارنے کے بعد یاداشت کھو چکے ہیں مگر عوام سب جانتے ہیں اب روزانہ اخبارات میں ٹینڈر شائع ہورہے اور پورے صوبے میں ترقی کامتوازن عمل شروع ہو چکا ہے پرویز خٹک نے کہا کہ میری حکومت میں تمام شہریکساں ترقی کریں گے ہم پشاور کو گرین اور ماڈل شہر بنائیں گے ترقی کے وسائل یکساں تقسیم ہورہے ہیں پرویز خٹک نے طالبان اور حکومت کے مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ اہم موڑ میں داخل ہوچکے ہیں اور تحریک انصاف کامنشور بے مقصد جنگ سے نکلناہے اور یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے کہ ہم مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ اب تک کاروائی پر ہم مطمئن ہیں وفاقی حکومت صوبے کو ہر موڑ پر اعتمادمیں لے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :