آصف علی زرداری سے سید یوسف رضاگیلانی کی بلاول ہاوٴس میں ملاقات ،ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال، حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات سمیت دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا

ہفتہ 29 مارچ 2014 21:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری سے پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے ہفتہ کو بلاول ہاوٴس میں ملاقات کی۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال، حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات، پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی امور اور بلاول بھٹو زرداری کو کالعدم تنظیم کی جانب سے ملنے والے خط سمیت دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

یوسف رضاگیلانی نے پارٹی کے شریک چیئرمین کو پنجاب میں پیپلزپارٹی کی تنظیمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں بھرپور انداز میں سیاسی سرگرمیوں کو شروع کرے گی اور پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں مشاورت کے بعد مرحلہ وار تبدیلی کی جائے گی اور تنظیمی سیٹ اپ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں پارٹی کو بھرپور انداز میں فعال کرنے کے ساتھ ورکرز کنونشن بھی منعقد کیے جائیں گے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت جلد پنجاب کا تفصیلی دورہ کرے گی۔