چین پاکستان میں بجلی کی پیداوار کیلئے32ارب ڈالر دے گا،خواجہ آصف، آئندہ سات سالوں میں 22ہزارمیگا واٹ بجلی سسٹم کا حصہ ہوگی ،امن کاقیام حکومت کی اولین ترجیح ہے،سیالکوٹ میں امراض قلب کے مریضوں کے علاج کیلئے 100بیڈ پر مشتمل کارڈیالوجی یونٹ کا قیام عمل میں لایاجائیگا،وفاقی وزیرپانی وبجلی کاتقریب سے خطاب ۔ تفصیلی خبر

ہفتہ 29 مارچ 2014 21:18

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر دفاع ، بجلی و پانی خواجہ محمد آصف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاہے کہ چین پاکستان میں بجلی کی پیداوار کیلئے32ارب ڈالر ددے گا جس سے بجلی پیدا کرنے کر نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے اور آئندہ سات سالوں میں 22ہزارمیگا واٹ بجلی سسٹم کا حصہ ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کا2ہزار میگا واٹ کا شاٹ فال ہے جس کی وجہ سے 24گھنٹوں میں ساڑھے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے صارفین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور بجلی کا غیر ضروری استعمال روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ7ماہ کے دوران انڈسٹری کو گیس اور بجلی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی گئی ہے تاکہ صنعت کا پہیہ چلتا رہے اور مزدورں کے گھر کا چولہا ٹھنڈا نہ ہو۔

(جاری ہے)

دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ پاکستان کے سب سے بڑے مسئلے ہیں جس کی وجہ سے وطن عزیز اور عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ‘ ہماری حکومت لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے مسائل نمٹنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلارہی ہے ۔ یہ بات وفاقی وزیر دفاع ، بجلی و پانی خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری محمد اکرام ، صدرایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ ڈاکٹر سرفراز بشیر، سینئر نائب صدر میاں انوراور معروف تاجر رہنما شیخ ریاض الدین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیالکوٹ میں امراض قلب کے مریضوں کے علاج کیلئے 100بیڈ پر مشتمل کارڈیالوجی یونٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اس منصوبہ پر جلد ہی کام شروع کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ اپ گریڈ کرکے 800بستروں کا جدید ہسپتال بنایا جائے گا جہاں پر صحت کی جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ایمن آباد روڈ کی دورویہ تعمیر کی وزیر اعلیٰ پنجاب نے منظوری دے دی ہے جبکہ واہنڈو سے راوی کے پل تک کی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ وفاق مکمل کرے گا ۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیالکوٹ کی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے100ٹریفک وارڈنز کو سیالکوٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے شہر کی ٹریفک کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ مشرقی بائی پاس کی تعمیر کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل ہے یہ بائی پاس کنگرہ روڈ، ظفر وال روڈ اور پسرور روڈ کوآپس میں ملاتا ہے ۔ انہوں نے اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھر ی محمد اکرام کو ہدایت کی کہ وہ سیالکوٹ ویسٹرن بائی پاس جو وزیر آباد روڈ ، ڈسکہ روڈ اور پسرور روڈ کو ملائے اس کیلئے صوبائی سطح پر منصوبہ بندی کریں تاکہ یہ منصوبہ کو عملی شکل دی جائے۔

خواجہ محمدآصف نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن کے ذریعے قیام امن ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مذکرات کے ذریعے امن قائم کرنے کی ایک فیصد بھی گنجائش ہوگی حکومت مذاکرات کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ قیام امن کیلئے حکومتی کوششوں کی پاک فوج ناصرف حامی ہے بلکہ اس میں معاونت بھی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں مذہب کی بنیاد پر کسی کا خون نہ بہایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک آمر نے پاکستان کو ایسی جنگ میں دھکیل دیا جس کی وجہ سے ہماری پاک فوج اور عوام کو بے شمار قربانیاں دینا پڑی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان امن کا گہوارہ بن جائے گا۔