متاثرین فاٹا کے لئے کرایہ کے گھروں کی حصول کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی، پولیس قبائلیوں کو پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بے جاتنگ کرتی تھی اب سلسلہ بند ہوگا،اقبال آفریدی

ہفتہ 29 مارچ 2014 20:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) تحریک انصاف فاٹا کے رہنما اقبال خان آفریدی نے متاثرین فاٹا کے لئے پشاور نوشہرہ، چارسدہ اور مردان میں کرایہ پر گھروں کی حصول کے لئے ضمانت فراہم کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کی عوام کے ووٹ ان کے متعلقہ علاقوں میں رجسٹرڈ کئے جائیں تاکہ وہ اپنے لئے ضمنی انتخابات کے دوران نمائندوں کا چناؤ کر سکیں ۔

ہفتہ کے روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال آفریدی نے کہا کہ قبائلیوں کے لئے کرایہ پر گھر حاصل کرنے کے لئے کلاس ون سمیت تین مقامی لوگوں سے ضمانت کرانا ممکن نہیں تھا جس کی وجہ سے فاٹا کی عوام خیموں اورکھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ کمیٹی چیئرمین اقبال آفریدی کو جوابدہ ہو گی جبکہ اقبال آفریدی پولٹیکل انتظامیہ اور پولیس حکام کو جوابدہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پولیس کی جانب سے قبائلیوں کو پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں تنگ کیا جاتا تھا جس پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کی گئی تھی اور اب قبائلیوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ تقریباً ختم ہو گیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کی عوام کے ووٹ ان کے متعلقہ علاقوں میں رجسٹرڈ کئے جائیں تاکہ وہ اپنے لئے ضمنی انتخابات کے دوران نمائندوں کا چناؤ کر سکیں بصورت دیگر عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔واضح رہے کہ مذکورہ کمیٹی میں حاجی حکم خان، عبداولی، مسیت خان، محمد ارشاد آفریدی ،گل زمان، اعجاز احمد اور کیمیاخان شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :