تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، بیرسٹر عثمان ابراہیم ، وفاقی حکومت نوجوانوں کی بہتری کے لئے جامع پالیساں وضع کر رہی ہے ، وزیراعظم یوتھ لون سکیم سرفہرست ہے ، وزیراعظم اپریل میں اپنا گھر سکیم کا افتتاح کریں گے ، 5لاکھ گھر بنا کرآسان قسطوں پر فراہم کئے جائیں گے ،خطاب

ہفتہ 29 مارچ 2014 20:01

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) وزیر مملکت برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس بیر سٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سٹی کالج فا ر ویمن گوجرانوالہ کے دوسرے کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے 140گریجویٹ طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔

جبکہ اعلی کارکردگی پر سٹاف ممبران کو بھی ایوارڈز اور شیلڈز دی گئیں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ چوہدری محمد نواز چوہان ، ڈائریکٹر کالجز غلام محمد سپرااور پرنسپل بشریٰ ارشد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ کالج کے پوسٹ گریجویٹ سیکشن کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے دو اے سی کوسٹر فراہم کردی جائیں گی۔

(جاری ہے)

بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کی بہتری کے لئے جامع پالیساں وضع کر رہی ہے جس میں وزیر اعظم یوتھ لون سکیم سرفہرست ہے جس کا مقصد پڑھے لکھے افراد کو اپنا روزگار کمانے کے قابل بنانا ہے اس کے ساتھ آئندہ مالی سال کے دوران وفاقی حکومت طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا حل ناممکن نہیں ‘ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر قیادت حکومت اس مقصد کے لئے اقدامات کررہی ہے جس کی وجہ سے معاشی صورتحال بھی بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی محمد نواز شریف کی حکومت اقتدار میں آئی ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہوا اور کاروبار کو فروغ ملا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف اپریل میں اپنا گھر سکیم کا افتتاح کریں گے جس کے تحت 5لاکھ گھر بنا کرآسان قسطوں پر فراہم کئے جائیں گے اور مکان کی قسط بھی معمولی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں تعلیم کافروغ ان کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لئے صغیر شہید پارک کے علاقہ میں ایک نیا کالج بھی قائم کیاگیا ہے جس میں رواں سال کلاسیں شروع ہوجائیں گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز غلام محمد سپراء نے کہا کہ اساتذہ کرام طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر تربیت بھی فراہم کریں تاکہ وہ مفید شہری بن سکیں۔ اس سے قبل پرنسپل کالج بشریٰ ارشد نے کالج کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :