حکومت کی طرف سے 6گھنٹے کے دعوؤں کے برعکس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 11سے 16گھنٹے تک بر قرار

ہفتہ 29 مارچ 2014 15:46

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء)حکومت کی طرف سے 6گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے دعوؤں کے برعکس مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 11سے 16گھنٹے تک بر قرار ہے، کئی علاقوں میں مینٹی ننس کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن گیا ۔ این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی کل طلب 11250میگا واٹ جبکہ پیداوار9250میگا واٹ رہی۔

ہائیڈل سے 1810‘تھرمل سے 1280جبکہ آئی پی پیز سے 6160میگا واٹ بجلی کی پیدوار حاصل ہوئی ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق بجلی کا شارٹ فال2000میگا واٹ رہا جبکہ ذرائع کے مطابق شارٹ فال 3ہزار میگا واٹ کے قریب ہے ۔ حکومت کی طرف سے 6گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے دعوے کئے جارہے ہیں جبکہ مختلف شہری علاقوں میں 9سے 11گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں یہ دورانیہ 14سے 16گھنٹے ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ کئی علاقوں میں مینٹی ننس کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن گیا ہے جبکہ واپڈا کے متعلقہ دفاتر صارفین کو شٹ ڈاؤن سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی بجائے ٹیلیفون کا رسیور ایک طرف رکھ دیتے ہیں۔