نوجوانوں کو اغواء کر کے گردے نکال لینے والے گروہ میں مبینہ طور پر شامل دو ڈاکٹر زبیرون ملک فرار ہو گئے

ہفتہ 29 مارچ 2014 14:14

نوجوانوں کو اغواء کر کے گردے نکال لینے والے گروہ میں مبینہ طور پر شامل ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء)نوجوانوں کو اغواء کر کے گردے نکال لینے والے گروہ میں مبینہ طور پر شامل دو ڈاکٹر زبیرون ملک فرار ہو گئے ، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی طرف سے نوٹس لئے جانے کے باوجود ایک ڈاکٹر تاحال سرکاری ہسپتال میں فرائض سر انجام دے رہا ہے ، دونوں گردے نکال لینے سے ہلاک ہونے والے نوجوان کاشف کے ورثاء اور اہل علاقہ نے سیشن کورٹ میں خاموش احتجاج کیا ،عدالت نے متعلقہ پولیس سے 31مارچ تک ریکارڈ سمیت رپورٹ طلب کر لی ۔

تفصیلات کے مطابق والٹن کے رہائشی 21سالہ کاشف کے دونوں گردے نکالنے اور اسکی ہلاکت پر درج مقدمے میں نامزد تین ڈاکٹروں نے ضمانتوں کے لئے گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج عبد الستار لنگاہ کی عدالت سے رجوع کیا ۔ اطلاع ملنے پر کاشف کے ورثاء اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی سیشن عدالت پہنچ گئی اور ہاتھوں میں مطالبات پر مبنی کتبے اٹھا کر خاموش احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کاشف کے ورثاء کی طرف سے وکلاء نے ملزمان کی ضمانتیں منظور نہ کرنے کے لئے درخواست دائر کی جس پر معزز عدالت نے متعلقہ پولیس سے 31مارچ تک ریکارڈ سمیت رپورٹ طلب کر لی ۔ وکیل کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت کے نوٹس نہ لینے پر گروہ میں شامل دو ڈاکٹرز بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر فواد تاحال سرکاری ہسپتال میں ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے۔ کاشف کے والد لیاقت اس موقع پر شدت غم سے نڈھال ہو کر رو پڑا اور کوئی بات نہ کر سکا ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل نوجوان کاشف کے دونوں گردے نکالنے اور اسکی ہلاکت کے بعد بھوانہ میں دفنانے کا انکشاف ہوا تھا ۔