وزیر خزانہ سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ، کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ادائیگیوں میں تیزی فائدہ مند ثابت ہو گی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، امریکہ علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا ،امریکی سفیر

جمعہ 28 مارچ 2014 21:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ادائیگیوں میں تیزی فائدہ مند ثابت ہو گی جبکہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکہ علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیاملاقات میں وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود اور مشیر وزارت خزانہ رانا اسد امین بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں اکنامک ورکنگ گروپ کے حوالے سے اپنے مجوزہ دورہ کے بارے میں امریکی سفیر کے ساتھ بات چیت کی جہاں وہ اہم امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ عالمی بینک کے اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ واشنگٹن کے دورہ کے موقع پر ان کی ملاقاتوں کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ادائیگیوں میں تیزی فائدہ مند ثابت ہو گی۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے وفاقی وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ امریکہ علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں اور ان کا ایجنڈا طے ہیں۔