کسی جج کا ایک فیصلہ علاقہ میں امن کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے ،ججوں کو بلا جھول میرٹ پر فیصلے صادر کرنا ہونگے‘ جسٹس عمر عطاء بندیال ،جج انصاف کی فراہمی کے ذریعے مخلوق کی خدمت کرنا ہے‘ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا پنجاب جوڈیشنل اکیڈمی میں تقریب سے خطاب

جمعہ 28 مارچ 2014 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ ججوں کا کام انصاف کی فراہمی کے ذریعے مخلوق کی خدمت کرنا ہے، جج صاحبان اپنے فیصلوں کے ذریعے فریقین میں توازن پیدا کر کے پورے معاشرے میں امن قائم کرتے ہیں۔فاضل چیف جسٹس جمعہ کے روز پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہورمیں نئے تعینات ہونے والے سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کے چار ہفتوں پر مشتمل قبل از سروس تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ، سیشن جج لاہور سید حامد حسین شاہ، رجسٹرار سردار احمد نعیم، اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ناصر،ڈائریکٹر ایڈمن ناصر علی شاہ اور عدالت عالیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ کسی جج کا ایک فیصلہ علاقہ میں امن کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے اس لئے ججوں کو بلا جھول میرٹ پر فیصلے صادر کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جج کی سب سے اہم خوبی قناعت پسندی ہے اور ججز کا قبلہ درست ہو تو وہ مشکل سے مشکل مقدمہ میں بھی سرخرو ہوتے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت میں کسی بھی ڈر اور خوف کے بغیر اپنے فرائض منصبی سر انجا م دیں کیونکہ ناصرف عدالت عالیہ لاہور بلکہ پاکستان کی عدالت عظمیٰ بھی انکے پیچھے کھڑی ہے۔

فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ یہ انکا فرض ہے کہ وہ سائلین، وکلاء برادری اور ججوں کیلئے عدالتوں میں محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ فاضل چیف جسٹس نے سول ججوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ذات، برادری اور سٹیٹس سے بالا تر ہو کر تمام فریقین اور انکے وکلاء کو توجہ سے سنیں تاکہ کوئی بھی ججوں کے رویہ کے بارے میں شکایت نہ کر سکے۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے عدالت عالیہ کے جسٹس منصور علی شاہ جو کہ اکیڈمی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے رکن بھی ہیں نے شرکاء سول ججوں کو ہدایت کی کہ وہ مسلسل پڑھنے کے عمل رکھیں اور مطالعہ کی لگن سے قانون کے علم پر عبور حاصل کریں۔

انہوں نے اکیڈمی کے سیکھانے کے عمل میں مزید جد ت پیدا کرنے پر زور بھی دیا اور کہا کہ ججوں کی عملی تربیت کیلئے مزید معلوماتی پروگرام شروع کئے جائیں۔ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ناصر نے کہا کہ عدالت عالیہ لاہور کے فاضل چیف جسٹس کی رہنمائی میں اکیڈمی میں بہت سے معلوماتی پروگرام ترتیب دیئے گئے اور اس حوالے سے شرکاء سول ججز بہت خوش قسمت ہیں کہ انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین فاضل جج صاحبان، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے بہت سے فاضل جج صاحبان کے قانونی علم و تجربہ سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔

متعلقہ عنوان :