وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پنجاب بزنس کونسل تشکیل دینے کی تجویز پرغور،معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے متعلقہ اداروں کی استعدادکار میں اضافہ ضروری ہے،حکومت نے اس مقصد کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں،ہنر مند افرادی قوت معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے،صوبے میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے،پاکستان حلال پراڈکٹس کی برآمدات بڑھا کر کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے‘ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 28 مارچ 2014 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے، پنجاب حکومت نے اس مقصد کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ، ادارو ں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا گیاہے اور معاشی ترقی کے لئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے،جنوبی پنجاب کے 4اضلاع سے شروع کئے گئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار 18اضلاع تک بڑھایا گیاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ایک اعلیٰ سطح کے ا جلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،مشیرڈاکٹر اعجاز نبی،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب میٹروبس اتھارٹی، سیکرٹری انڈسٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبے میں معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے پنجاب بزنس کونسل تشکیل دینے کی تجویز پر غور کیا گیا اور پنجاب میں معاشی و صنعتی ترقی میں اضافے کے لئے متعدد تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہنر مند افرادی قوت معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پنجاب حکومت ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اس مقصد کے لئے پنجاب میں سکل ڈویلپمنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے تحت ہزاروں بچوں کو مختلف فنون کی تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حلال مصنوعات کی دنیا میں بہت زیادہ مانگ ہے ، پاکستان حلال پراڈکٹس کی برآمدات بڑھا کر کثیر زر مبادلہ کما سکتاہے۔

انہو ں نے کہاکہ لاہور میں 2ارب روپے کی لاگت سے جدید سلاٹرہاؤس قائم کیا گیاہے اورا یسے ہی سلاٹر ہا ؤس دیگر شہروں میں بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہو ں کہاکہ پنجاب میں لائٹ انجینئرنگ اور تعمیرات کے شعبوں میں بھی بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔ حکومت ان دونو ں شعبوں کو ترقی دینے کے لئے ہر ممکن ا قدام اٹھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کہ مختلف شعبوں میں ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے سفارشات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔