فاٹا اورصوبے کے طلباء وطالبات کو جدید تعلیم کی تمام تر سہولیات مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،گورنرخیبرپختونخوا،قابل اور محنتی طلباء کو لیپ ٹاپ کی فراہمی جدید تعلیم کی تمام ترسہولیات مہیا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے،انجینئرشوکت اللہ کاتقریب سے خطاب

جمعہ 28 مارچ 2014 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ فاٹا اورصوبے کے طلباء وطالبات کو جدید تعلیم کی تمام تر سہولیات مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں قابل اور محنتی طلباء کو لیپ ٹاپ کی فراہمی جدید تعلیم کی تمام ترسہولیات مہیا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس سے جدید ٹیکنالوجی کے دور میں طلباء کی کارکردگی میں مزید بہتری آئیگی۔

انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے فاٹا کے دور دراز علاقوں کے طلباء بھی جدید خطوط پر تعلیم حاصل کرسکیں گے اور توقع ظاہر کی کہ حکومت کے اس اقدام سے پڑھے لکھے فاٹا کا خواب جلد پورا ہوگا۔وہ جمعہ کے روزفاٹا کے قابل اور ذہین طلباء وطالبات کو تعلیمی سال 2014 کے پہلے مرحلے میں اورکزئی ایجنسی اور ایف آر لکی سے تعلق رکھنے والے تعلیمی بورڈز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ اور اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایم این اے ڈاکٹرغازی گلاب جمال،سیکرٹری سوشل سیکٹرفاٹاسردار محمدعباس، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ڈاکٹرمحمدفخرعالم اور دیگرمتعلقہ حکام کے علاوہ بڑی تعداد میں طلباء وطالبات بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنرنے فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو اورکزئی میں ہائرسیکنڈری سکول تعمیرکرنے کے احکامات جاری کئے اور مزید کہاکہ اورکزئی ایجنسی میں آئی ڈی پیز کو تعلیم کی تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی اور ان طلباء وطالبات کو بھی اعلی کارکردگی پر لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔

گورنرنے کہاکہ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے پورے فاٹامیں سکولوں کی تعمیرپر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور ان میں کمروں کی تعداد کو بھی بڑھایاگیاہے تاکہ طلباء بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں۔گورنرنے کہاہے کہ فاٹا کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے قابل اور محنتی طلباء کو جدید تعلیم کی تمام ترسہولیات مہیا کی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ فاٹا کے طلباء وطالبات نے تعلیمی میدان میں اعلی معیار اور کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فاٹا کے عوام کا شفاف امیج دنیا کے سامنے پیش کردیاہے۔

قابل اور محنتی طلباء کو لیپ ٹاپ دے کرفاٹااور خیبر پختونخواکے دیگر طلباء کو احساس دلاناچاہتے ہیں کہ وہ بھی محنت کرکے اس سے بڑے تحفے حاصل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے پرطلباء پرزوردیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کاصحیح معنوں میں استعمال کریں تاکہ تعلیم کے شعبے میں پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں فاٹا اورملک کانام روشن کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ وہ جب بھی فاٹا کے نونہالوں کے درمیان ہوتے ہیں تو اسے اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے جو طلباء مختلف تعلیمی بورڈز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہیں توان کیلئے بھی اسی طرح کی تقاریب کا انعقاد کیاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا اور خیبرپختونخوا کے جوبھی طلباء تعلیمی میدان میں آگے آئیں گے اور خطے کانام روشن کریں گے ہم ان کے ساتھ ہوں گے اور حوصلہ افزائی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :