تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ،قو موں کے درمیان سبقت و برتری کا معیار قرار پاتا ہے،ڈاکٹر فرح مسعود

جمعہ 28 مارچ 2014 17:28

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28مارچ 2014ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے کیونکہ تعلیم ہی وہ واحد پیمانہ ہے جو آج کے دور میں قو موں کے درمیان سبقت و برتری کا معیار قرار پاتا ہے۔نونہالوں کی بہتر تربیت اور انھیں زیور تعلیم سے آراستہ کرکے معاشرے کا مفید و کارآمد شہری بنانا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہوئے سچے جذبوں کیساتھ وطن کی خدمت کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہارصدر بورڈ آف گورنرزو ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود نے ڈویژنل پبلک سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ای ڈی او(فنانس اینڈ پلاننگ)مہر سلطان احمد،اے ڈی سی ملک خادم حسین جیلانی،پرنسپل ڈی پی ایس کرنل(ر) محمد اسلم سمیت بورڈ ممبران بشمول سابق صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب و سینئر جرنلسٹ میاں محمد احسان الحق و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پرنسپل نے اجلاس کو سکول ہذا کی کارکردگی،انرولمنٹ،نتائج،ترقیاتی و غیر ترقیاتی سکیموں اور دیگر امور بارے آگاہ کیا۔اجلاس میں ایجنڈا نکات پر غوروخوض اور بحث کرتے ہوئے مختلف پرا جیکٹس کی منظوری اور اہم فیصلہ جات کیے گئے۔ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود نے سکول کا نظم و ضبط،تعلیمی معیار اور اکاؤنٹس و آڈٹ امور سے متعلق شفافیت کو برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو ہر ممکن تعلیمی سہولیات کے علاوہ کینٹین پر دستیاب کھانے پینے کی اشیاء عام ریٹ پر حفظان صحت کے اصولوں کیمطابق تیار کرکے فراہم کی جائیں۔انھوں نے اساتذہ کی رخصت سے متعلق ٹھوس قواعد و ضوابط اپنانے اور تعلیمی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کے بھی احکامات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :