بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کا وزیر اعلیٰ بنانے کی کوئی تجویز پارٹی میں زیر غور نہیں ‘ یوسف رضا گیلانی،حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف دے ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے ‘ سابق وزیر اعظم

جمعرات 27 مارچ 2014 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کا وزیر اعلیٰ بنانے کی کوئی تجویز پارٹی میں زیر غور نہیں ،حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف دے او ر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے ، ہمارے دور میں طالبان سے مذاکرات ناکام ہونے پر آپریشن کیا گیا ، اب حکومت کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں اور دعا گو ہیں کہ یہ عمل کامیاب ہو ، حکومت قیدیوں کو کسی بھی جیل میں رکھ سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں اور اسی سے جمہوریت مضبوط ہو گی ۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت نے صوبوں کو اختیارات دئیے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کرائیں ۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں وہاں کی عوام اپنی محرومیوں کی وجہ سے یہ مطالبہ کرتی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے دور میں صوبائی اسمبلی سے دو قراردادیں منظور کر اچکی ہے وہ بہاولپور صوبے کو بحال اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائے اور اسکے لئے عملی اقدامات ہونے چاہئیں۔

انہوں نے تھر کی صورتحال کے جواب میں کہا کہ سندھ کی حکومت اکیلی اسکی ذمہ دار نہیں ۔ صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کا وزیر اعلیٰ بنانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی میں اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ۔انہوں نے اپنے بیٹے کی رہائی کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے تو حکومت ہی کوئی صورتحال واضح کر سکتی ہے ۔