متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت میں شمولیت چاہتی ہے تو مارشل لا کی حمایت ترک کرنا ہوگی ،بلاول بھٹو زر داری ،ایم کیو ایم کے مارشل لاء کی حمایت میں جاری بیان واپس لینے تک پی پی پی اور ایم کیو ایم اتحاد ممکن نہیں ،بیان ۔ اپ ڈیٹ

جمعرات 27 مارچ 2014 20:49

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت میں شمولیت چاہتی ہے تو اسے مارشل لا کی حمایت ترک کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت میں پیپلز پارٹی کے ساتھ شامل ہونا چاہتی ہے تاہم اس کے ساتھ ہی اس نے آمریت کی حمایت بھی جاری رکھی ہے، اسے اگر صوبائی حکومت میں شامل ہونا ہے تو آمریت کی حمایت اور سندھ توڑنے کی پالیسی کو چھوڑنا ہوگا، بصورت دیگر دونوں جماعتوں کا ساتھ کام کرنا ناممکن ہوگا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت میں شمولیت کے لئے متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اس حوالے سے دبئی اور کراچی میں دونوں جماعتوں کے سربراہان کی ملاقاتیں بھی ہوچکی ہیں اورامکان ظاہرکیا جارہا ہے کہ ایم کیوایم آئندہ چند روز میں سندھ حکومت میں شامل ہوجائے گی۔