محکمہ صحت فاٹا میں موجود ہسپتالوں اورمراکز صحت میں معمول کی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 27 مارچ 2014 18:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے محکمہ صحت فاٹا کوہدایت کی ہے کہ وہ فاٹا میں موجود ہسپتالوں اورمراکز صحت میں معمول کی طبی سہولیات کی فراہمی اور نومولود بچوں کو موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسینیشن کے پروگرام میں مزید بہتری لائی جائے اور تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں۔وہ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں محکمہ صحت فاٹا کی جانب سے ای پی آئی پروگرام اور ہیلتھ سروسز کے حوالے سے دی گئی ایک پریزنٹیشن کے موقع پر اظہارخیال کررہے تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ارباب محمدعارف، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ڈاکٹرمحمدفخرعالم ،سیکرٹری سوشل سیکٹرفاٹا سردار محمدعباس، ڈائریکٹرہیلتھ سروسز فاٹاڈاکٹرپرویز کمال خان اور دیگرمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ فاٹامیں مخصوص حالات کے باعث بعض علاقوں میں گھرگھر جاکر بچوں کو موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسین مہیاکرنااگر ممکن نہیں تو مراکز صحت میں معمول کے پروگرام تواترکے ساتھ مسلسل جاری رہنے چاہئیں ۔

گورنر نے اس حوالے سے فاٹا میں موجود محکمہ صحت کے اہلکاروں سے بخوبی کام لینے اور انہیں متحرک کرنے کی ضرورت پربھی زوردیا۔ قبل ازیں گورنرکو بتایاگیا کہ فاٹامیں ای پی آئی مراکز میں سے 218 مراکز فعال ہیں جبکہ باقی غیرفعال مراکز کو فعال بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ گورنرنے اس موقع پر زوردیا کہ عوام کی صحت اور بہتری کیلئے تمام مراکز کو جلد ازجلد فعال کیاجائے تاکہ ملک وقوم کے مستقبل کو موذی امراض سے بچایاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :