واپڈا کھارے پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے آر بی او ڈی کے ساتھ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کرے گا

جمعرات 27 مارچ 2014 16:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) رائٹ بنک آؤٹ فال ڈرین(آر بی او ڈی) کے کھارے پانی کو قابلِ استعمال بنانے اور منچھر جھیل کے ماحولیاتی تحفظ کیلئے واپڈا آر بی او ڈی کے ساتھ پانچ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرے گا۔اس حوالے سے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ پلانٹس کی تنصیب کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی بھی کی جاچکی ہے۔بتایا گیا ہے کہ واپڈا نے یہ اقدام کھارے پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے کی گئی سٹڈی کے نتائج پر عمل کرنے کیلئے اٹھایا ہے۔

یہ اقدام ملک میں پانی کی کمی دور کرنے ، زرعیشعبہ کے لئے پانی کی دستیابی ا ور مقامی آبادی کی خوراک اور پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان ٹریٹمنٹ پلانٹس کی مدد سے صاف کئے گئے پانی سے 11 ہزار ایکڑ بنجر اراضی زیرکاشت آئے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ لوگوں کو 20 لاکھ گیلن روزانہ پینے کا صاف پانی بھی میسر آئے گا۔ابتدائی طور پر 40 کیوسک صلاحیت کا ایک ٹریٹمنٹ پلانٹ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ضلع دادو میں آر بی او ڈی پر آرڈی ۔

93 کے نزدیک مین نارا ویلی ڈرین کے بائیں جانب نصب کیا جائے گا جس کی لاگت کا تخمینہ 3ارب 35کروڑروپے ہے۔ پائلٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کیلئے بِڈز موصول ہوچکی ہیں۔بِڈزکی تکنیکی پیشکشیں 13مارچ 2014ء کو کھولی گئیں اور پراجیکٹ کنسلٹنٹ ان پیشکشوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پائلٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا کنٹریکٹ جون 2014 ء تک ایوارڈ کئے جانے کا امکان ہے ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر واپڈا اور سندھ حکومت کی جانب سے مشترکہ طور پر منچھر جھیل کے گرد پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے 12ٹریٹمنٹ پلانٹس پہلے ہی لگائے جاچکے ہیں۔6 پلانٹس کیلئے رقم واپڈا جبکہ بقیہ 6 پلانٹس کی تنصیب کیلئے حکومت سندھ نے رقم فراہم کی ہے۔مذکورہ پلانٹس سے صاف پانی مہیا کرنے کی مجموعی صلاحیت 15 ہزار لیٹر فی گھنٹہ ہے ۔

پلانٹس کی مدد سے منچھر جھیل کے انتہائی کھارے پانی کو اعلیٰ معیار کے پینے کے پانی میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ اِن ٹریٹمنٹ پلانٹس سے منچھر جھیل کے گرد آباد تقریباً 25ہزار ماہی گیرپینے کا صاف پانی حاصل کر رہے ہیں۔مذکورہ 12 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ساتھ ساتھ محکمہ آبپاشی سندھ منچھر جھیل کے نواح میں 6 مزید پلانٹس نصب کرنے کیلئے بھی اقدامات کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :