آئندہ بین الاقوامی جوڈو ٹورنامنٹس کیلئے کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز 30 مارچ کو ہوں گے

جمعرات 27 مارچ 2014 13:58

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء)پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے زیر اہتمام آئندہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس کیلئے کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز 30 مارچ کو قیوم سپورٹس کمپلیکس، پشاور میں ہوں گے۔ قومی جوڈو ٹیم آئندہ ماہ انٹرنیشنل جوڈو ٹورنامنٹ اور ساؤتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان جوڈو فیڈریشن نے ٹرائلز میں شرکت کے خواہش مند جوڈوکاس کو ہدایت کی کہ 30 مارچ بروز اتوار کو صبح دس بجے اپنے کوچز کے ساتھ رپورٹ کریں۔

پی جے ایف کے مطابق ساؤتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ 11 سے 14 اپریل تک نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلی جائے گی جس کیلئے سات سات مرد و خواتین کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا جائے گا جبکہ انٹرنیشنل جوڈو ٹورنامنٹ 12 سے 19 اپریل تک لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں بھارت، نیپال ، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔