وزیر مملکت عابد شیر علی کی لیسکو ہیڈ کوارٹر آمد پر ملازمین کا مجوزہ نجکاری کے فیصلے کیخلاف احتجاج ،گاڑی روکنے کی کوشش

جمعرات 27 مارچ 2014 12:56

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی کی لیسکو ہیڈ کوارٹر آمد پر واپڈا پیغام یونین نے مجوزہ نجکاری کے فیصلے کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے انکی گاڑی روکنے کی کوشش کی ، گارڈز نے مظاہرین کو زبردستی پیچھے دھکیل کر گاڑی کو ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل کرا کے دروازے بند کر دئیے ، مظاہرین نجکاری نہ منظور کے نعرے لگاتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی جمعرات کے روز لیسکو ہیڈ کوارٹر آمد کی اطلاع پر واپڈا پیغام یونین نے مجوزہ نجکای کے فیصلے کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا اور ملازمین مرکزی مرکزی دروازے پر جمع ہو گئے ۔ ملازمین کے احتجاج اور وزیر مملکت کی آمد کے پیش نظر عام صارفین کا لیسکو کوارٹر میں داخلہ بند کر دیا گیا جسکی وجہ سے اپنے مسائل کے حل کیلئے دور دراز سے آنیوالے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی کی گاڑی جیسے ہی ہیڈ کوارٹر کے باہر پہنچی تو مظاہرین نے نجکاری کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انکی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی لیکن لیسکو کے سکیورٹی گارڈز نے مظاہرین کو زبردستی پیچھے دھکیل کر گاڑی کو اندر داخل کراکے دروازہ بند کر دیا ۔ اس موقع پر مظاہرین نجکاری نہ منظور کے نعرے لگاتے رہے۔