فلم انڈسٹری کی بہتری کیلئے فلموں کی لگاتار نمائش ضروری ہے‘ مصطفی قریشی

جمعرات 27 مارچ 2014 12:55

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) اداکار مصطفی قریشی نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کے حالات بہتر کرنے کے لئے فلموں کی لگاتار نمائش ضروری ہے۔ پاکستان کی فلم انڈسٹری جو گزشتہ دو دہائیوں سے روبہ زوال ہے میں اب کچھ بہتری کے آثار پیدا ہو رہے ہیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں ترقی اس میں بہتر سے بہتر کام کی وجہ سے ہوتی ہے لیکن ہمارے ہاں ایک دو فلمیں بنا کر فلم انڈسٹری کی ترقی قرار دینا درست نہیں۔

(جاری ہے)

اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں سال 2013 میں ریلیز ہونے والی فلمیں بہتر بنیں جو کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بڑے بجٹ پر تیار کی گئی تھیں لیکن اس کے بعد فلم انڈسٹری میں ایک ٹھہراؤ سا آگیا ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ درجنوں کے حساب سے فلمیں بن رہی ہیں جبکہ کچھ فلموں کو پوسٹ پروڈکشن کا کام بھی تکمیل کے آخر مراحل پر ہے۔ اپنی نئی فلم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فلم سلطنت میں کام کیا ہے جو کہ عیدالفطر پر ریلیز ہونے جارہی ہے، مجھے یقین ہے کہ اگر فلم سلطنت جیسی معیاری فلمیں بنائی جائیں تو فلم انڈسٹری کا زوال ختم ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :