مغرب کو بھارت کی طرح پاکستان سے بھی جوہری معاہدہ کرنا چاہئے، فٹز پیٹرک

جمعرات 27 مارچ 2014 12:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) سابق امریکی سفیر اور نامور اسکالر مارک فٹزپیٹرک نے عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ انھیں بھارت کی طرح پاکستان کیساتھ بھی جوہری توانائی کا معاہدہ کرلیناچاہیے، معاہدے سے جوہری پھیلاوٴ کو روکنے میں مددملے گی۔ واشنگٹن میں اپنی کتاب Overcoming Pakistan\'s Nuclear Arsenal کی رونمائی کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے فٹزپیٹرک کا کہنا تھاکہ پاکستان کیساتھ جوہری ٹیکنالوجی کا بالکل ایسا ہی معاہدہ کرناچاہیے جیسا 2005 میں بھارت کیساتھ کیا گیا تھا۔

بھارت کی جانب سے جوہری عدم پھیلاؤکے معاہدے پردستخط سے انکارکے باوجود اس سے جوہری معاہدہ کیاگیاہے جس کے تحت اسے کمرشل نیوکلیئر مارکیٹس تک رسائی حاصل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان بہت تیزی سے جوہری ہتھیار میں اضافہ کررہا ہے اور ان ہتھیاروں کو کسی خطرے سے بچانے کیلئے پاکستان سے جوہری توانائی کا معاہدہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔

اس معاہدے کی شرائط کے تحت پاکستان کوسی ٹی بی ٹی پردستخط کرنے چاہیے۔فٹزپیٹرک کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کو زیادہ ٹھوس ثبوت پیش کرنے کی ضرورت پڑتی ہے کہ وہ اپنی جوہری صلاحیت کے حوالے سے زیادہ ذمے دار ہے۔مغربی ممالک پاکستان کے نیوکلیئرمعاملات کومثبت شکل میں ڈھالنے کے انتظامات کرسکتے ہیں۔فٹزپیٹرک نے اپنی کتا ب میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے پاس یورینیم بنانے والی کچھ دھات کا ذخیرہ 2020 تک چل سکتا ہے جس کی مدد سے 200 کے قریب ایٹمی ہتھیار بنائے جاسکیں گے۔

فٹزپیٹرک نے ایران پر دباؤ بڑھانے کیلئے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو ایٹمی ہتھیار دینے کی بھی خبروں کو ردکردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی صورت بھی اپنے کسی پڑوسی کیساتھ کوئی بھی محاذ کھولنے کیلئے تیار نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :