یونیورسل سروسز فنڈز کے ٹیلی سینٹر پروگرام سے ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا ، اسحاق ڈار، دور دراز کے علاقوں کے لوگوں کو جدید طرز کی بنیادی سہولیات میسر آئیں گی ، نوجوانوں کیلئے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ، وزیر خزانہ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 26 مارچ 2014 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یونیورسل سروسز فنڈز کے ٹیلی سینٹر پروگرام سے ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا، دور دراز کے علاقوں کے لوگوں کو جدید طرز کی بنیادی سہولیات میسر آئیں گی ، نوجوانوں کیلئے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وہ ٹیلی سینٹر پروگرام کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اس موقع پر یو ایس ایف کی جانب سے مجوزہ منصوبے کے بارے میں تفصیلی پریذنٹیشن دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ ٹیلی سینٹرز دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں کمپیوٹر، براڈ بینڈ اور انٹرنیٹ کی جدید ترین سہولیات فراہم کریں گے۔ ان مراکز میں مقامی لوگوں کو انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز تک عام رسائی دی جائیگی پہلے مرحلہ میں ٹیلی سینٹرز میں سم کارڈز کی بائیو میٹرک ویری فیکیشن، پیدائش اور اموات کا اندراج اور کمپیوٹر کی تربیت کی سہولت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلہ میں ای ہیلتھ، ای لرننگ، ای کامرس اور ای ایگری کلچر جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا کہ منصوبہ سے ان علاقوں میں مقامی سطح پر روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کو فاصلاتی تعلیم تک رسائی حاصل ہو گی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیلی سینٹرز کے منصوبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور کے مطابق ہر ٹیلی سینٹر دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرے گا۔

انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ اس منصوبہ کے حوالہ سے سروس پروائیڈرز سمیت سٹیک ہولڈرز کی نشاندہی کی جائے جبکہ اس ضمن میں درپیش مسائل کے حل کیلئے ورکنگ پیپر تیار کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے تاکہ مجوزہ پروگرام کے تحت جدید طرز کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :