5سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال،پاکستان جونیئر نے قطر کو ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیدی،قطر کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 131رنز بنائے، پاکستان نے ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر 17ویں اوور میں پورا کرلیا،پاکستان جونیئر کے ظفرگوہر مین آف دی میچ رہے، ضیاء الحق اورظفر گوہرنے 3,3وکٹیں لیں، صوبائی وزیر رانا مشہود نے انعامات تقسیم کئے

بدھ 26 مارچ 2014 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے منعقدہ ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان جو نیئر نے قطر الیون کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم کے ظفر گوہر مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ مہمان سائیڈ کے خرم شہزا د میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز قرار پائے۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے پی سی بی کے عہدیداروں کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔ 5 سال کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیو ل کے زیر اہتمام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے بدھ کے روز ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں قذافی سٹیڈیم میں پاکستان جونیئراور قطر الیون کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں جس میں میزبان ٹیم نے حریف سائیڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرادیا۔

(جاری ہے)

قطر الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر131 رنز بنائے۔خرم شہزاد نے میزبان ٹیم کے بولرز کو سخت ٹائم دیا اور باؤنڈری کے چاروں اطراف شاندار سٹروکس کھیلتے ہوئے 69 رنز بنائے۔ نعمان سرور 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ندیم بھٹی نے 17، اور منصور خالد نے 5 رنز بنائے۔پاکستا ن جونیئر کی طرف سے ضیاء الحق اور ظفر گوہر سب سے کامیاب بولرز رہے ، انہوں نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کرامت علی اور محمد آفتاب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔132رنز کے تعاقب میں پاکستان جونیئرنے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر16.1اوورز میں پورا کر لیا۔ میزبان ٹیم کی بیٹنگ ابتداء میں ہی اس وقت مشکلات کا شکار ہو گئی جب اس کی ابتدائی2 وکٹیں صرف13رنز کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔میزبان ٹیم اس نقصان سے پوری طرح نکل بھی نہ سکی تھی کہ تیسری وکٹ بھی 39 کے سکور پردغا دے گئی۔

اس مشکل گھڑی میں احسن رضا حریف سائیڈ کے بولرز کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن گئے ، انہوں نے نہ صرف ناقابل شکست 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی بلکہ اپنی ٹیم کی فتح میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ظفر گوہر41 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔محمد عمیر نے17اور کپتان سمیع اسلم نے8 رنز بنائے۔اویس ملک اور عباس شاہ نے 2، 2 جبکہ نعمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان تھے جنہوں نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ عثمان انور، ڈائریکٹر ڈومیسٹک انتخاب عالم، جنرل منیجر ڈومیسٹک شفیق احمد پاپا ایم پی اے تہیہ لون سمیت شرکاء کی بڑی تعدا د بھی موجود تھی۔