کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل ،سرمایہ کاری مالیت میں40ارب95کروڑروپے سے زائدکا اضافہ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس151.78پوائنٹس اضافے سے26821.92پوائنٹس پر بند ہوا

بدھ 26 مارچ 2014 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری ، کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کو بھی تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 26700اور 26800کی نفسیاتی حدیں بھی بحال ہوگئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں40ارب95کروڑروپے سے زائدکا اضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت10.21فیصد زائد جبکہ53.78فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے مخصوص حصص کی قیمتوں میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 26855پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکا ،تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس151.78پوائنٹس اضافے سے26821.92پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر370کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے199کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ158کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ13کے حصص میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں40ارب95کروڑ 63لاکھ 90 ہزار 805 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر65کھرب3ارب74کروڑ26لاکھ 21ہزار781روپے ہوگئی ۔

بدھ کو کاروباری سرگرمیاں12کروڑ34لاکھ 38ہزار340شیئرز رہیں جومنگل کے مقابلے میں ایک کروڑ 14لاکھ40 ہزار220شیئرز کم ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت215.00روپے اضافے سے4515.00روپے،رفحان میظ کے حصص کی قیمت103.50روپے اضافے سے8600.00روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی کولگیٹ پامولو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت34.90روپے کمی سے 1605.10روپے جبکہ فلپ مورس پاک کے حصص کی قیمت12.00روپے کمی سے580.69روپے پر بند ہوئی ۔

بدھ کو اینگروفرٹیلائزر کی سرگرمیاں1کروڑ23لاکھ 8ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 51پیسے اضافے سے59.91روپے اورفیصل بینک کی سرگرمیاں90لاکھ 59ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت35پیسے اضافے سے13.64روپے ہوگئی ۔کے ایس ای 30انڈیکس91.19پوائنٹس اضافے سے 19019.58پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس226.73پوائنٹس اضافے سے44647.50جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس126.96پوائنٹس اضافے سے 20160.07پوائنٹس پر بند ہوا ۔