وزیراعلیٰ سے پولینڈ کے وزیر تجارت کی سربراہی میں وفد کی ملا قات،کان کنی، توانائی اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق،پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے ،پولینڈ کو کان کنی، انجینئرنگ اورتوانائی کے شعبوں میں خصوصی مہارت حاصل ہے، پا کستان اسکی مہارت سے فا ئدہ ا ٹھاناچاہتاہے ،پولینڈ کی کمپنیاں کان کنی اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں ، ہرممکن سہولتیں دیں گے، شہبازشریف ، پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی، کان کنی اور لائیوسٹا ک کے شعبو ں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا‘وزیر تجارت پولینڈ

بدھ 26 مارچ 2014 21:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے مابین عشروں پر محیط دوستانہ تعلقات قائم ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضر ورت ہے - پولینڈ کو کان کنی، انجینئرنگ اور توانائی کے شعبوں میں بڑی مہارت حاصل ہے اورپاکستان پولینڈ کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتاہے-پنجاب میں توانائی،زراعت، لائیوسٹاک،ڈیری فارمنگ اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے- پولینڈ کے سرمایہ کار ان شعبوں میں سرمایہ کاری کریں انہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولینڈ کے وزیر تجارت ٹومازٹومسیکووچ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا- پاکستان میں پولینڈ کے سفیر ڈاکٹر آندرے انانچ، صوبائی وزراء شیر علی خان،چودھری محمد شفیق،ڈاکٹر فرخ جاوید، مشیر برائے لائیوسٹاک چودھری محمد ارشد،چیف ایگزیکٹو آفیسر پیمکو ممتاز خان منیس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امورکے علاوہ لائیوسٹاک،کان کنی اور توانائی کے شعبہ میں تعا ون پر تبادلہ خیال ہوااورپنجاب حکومت اور پولینڈ کے درمیان کان کنی، توانائی اورلائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پربھی اتفاق کیا گیا-وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے پولینڈ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامناہے- توانائی کی کمی کے مسئلے نے قومی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے-صنعت، تعلیم، صحت، زراعت سمیت سماجی ترقی کے تمام شعبے توانائی بحران سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں- حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پا نے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے -ملکی وغیر ملکی توانائی کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے کئی ایک معاہدے کئے گئے ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے سولر،کول پاور پلانٹس اور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے-درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے لئے صوبے میں 6مقامات کا انتخاب کیا گیاہے -سندھ اورپنجاب میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں-مقامی کوئلے کو استعمال میں لاکر بجلی پیدا کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے-پولینڈ کی کمپنیاں کان کنی اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں انہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے -انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت چولستان میں قائد اعظم سولر پارک کے منصوبے پر کام کررہی ہے اور یہاں حکومت اپنے وسائل سے 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگا رہی ہے- انہوں نے کہاکہ پاکستان کے دوست ملک چین نے پنجاب کے مختلف منصوبوں کے لئے سرمایہ کاری کی سہولت دینے کی بھی پیشکش کی ہے- انہوں نے کہاکہ پنجاب زرعی سرگرمیوں کا مرکز ہے،لائیوسٹاک اور زراعت کو ہماری معیشت میں بڑی اہمیت حاصل ہے اور ان شعبوں میں بڑا پوٹینشل موجود ہے- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت جدید گارمنٹس زون بھی بنا رہی ہے جس سے گارمنٹس انڈسٹری فروغ پا ئے گی اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا -انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی یورپی ممالک کو برآمدات بڑھیں گی اور جی ایس پی پلس کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا- انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سالٹ رینج میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور آسٹریلین کمپنی نے اس بارے میں سٹڈی مکمل کر لی ہے- پولینڈ کوئلے کی کان کنی میں بڑی مہارت رکھتاہے اور وہ پنجاب کے ساتھ کوئلے کی مائننگ میں تعاون کر سکتا ہے-انہوں نے کہاکہ پولینڈ او رپنجاب کے حکام توانائی ،کان کنی اورلائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مل بیٹھ کر لائحہ عمل طے کریں-پولینڈ کے وزیر تجارت ٹومازٹومسیکوو چ نے کہاکہ پاکستا ن خصوصا ً پنجاب کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں-پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی، کان کنی او رلائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا- انہوں نے کہاکہ پاکستان او رپولینڈ کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا- انہوں نے پنجاب حکومت کے وفد کو پولینڈ کے دورے کی دعوت بھی دی-پاکستان میں پولینڈ کے سفیر ڈاکٹر آندرے انانچ نے کہاکہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ کان کنی، توانائی اور لا ئیوسٹاک کے شعبو ں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا- پولینڈ کے وفد میں وزرات تجارت کے اعلیٰ حکام اور سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے-

متعلقہ عنوان :