زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ایک ہزار طلبا وطالبات کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ہاسٹلز تعمیر کریگی، ڈاکٹر اقرار احمد خان

بدھ 26 مارچ 2014 18:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مارچ 2014ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ایک ہزار طلبا وطالبات کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ ہاسٹلز تعمیر کرے گی، اس مقصد کے لئے مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے آفس آف دی ہال وارڈن کے زیراہتمام ہاسٹلز کی آرائش و زیبائش کے مقابلہ جات کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان کو رہائشی سہولتیں دینے کے لئے آٹھ مختلف رہائش گاہوں کو ہاسٹلز میں تبدیل کرنے کے لئے منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین زیورتعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ قبل ازیں تین بوائز ہاسٹل اور دو پروفیسروں کی رہائش گاہوں کو وومن کمپلیکس میں شامل کر کے انہیں طالبات کی رہائش کے لئے استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس وقت داخلوں میں طالبات کی تعداد لڑکوں کے مقابلے میں تجاوز کرتی جا رہی ہے اس سلسلے میں ہمیں طویل المدت منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔

قبل ازیں ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد نے خطاب کرتے ہوئے ہاسٹلز کی مینجمنٹ اور درپیش مسائل کے بارے میں وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہال اور فیصل ہال کی بالائی منزل تعمیر کی جا رہی ہے جبکہ پارس کے مقام پر ہاسٹلز میں جدید ترین سہولیات مہیا کر دی گئی ہیں جس میں ایک بڑی تعداد کو تمدنی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مختلف ہاسٹلز کے مابین مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباوطالبات اور انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سال میں ایک مرتبہ اس قسم کے مقابلوں کی وجہ سے نہ صرف ہاسٹلز کی دیکھ بھال و تعمیرومرمت ہو جاتی ہے بلکہ طالب علموں میں احساس ذمہ داری بھی بیدار کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کیٹگری اے میں زینب ہال نے پہلی، فیصل کشمیر نے دوسری اور عائشہ ہال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کیٹگری بی میں ایوب ہال نے پہلی، فتح ہال نے دوسری اور ٹیپو ہال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کیٹگری سی میں افضل ہال نے پہلی، سرسید نے دوسری اور لیاقت ہال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کیٹگری ڈی میں خدیجہ ہال کو پہلی، اقبال قاسم ہال کو دوسری اور فاطمہ ہال کو تیسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔

کیٹگری ای میں آمنہ ہال نے پہلی، ایرنک ہال نے دوسری اور اردگان ہال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی نے ہاسٹل سپرنٹنڈنٹس اور سٹاف کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد عطا کیں۔ تقریب سے پرنسپل آفیسر امور طلباء ڈاکٹر محمد یونس، ڈاکٹر آصف علی، ڈاکٹر شہبازطالب ساہی، ڈاکٹر احسان الحق، ڈاکٹر مرزا محمد اسلم، ڈاکٹر احسان اللہ اور ڈاکٹر افتخار احمد نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :